Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جنگلات کی زمین پر قابض افراد کو جیلوں میں ڈالیں‘

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب وہ بچپن میں کندیاں آتے تھے تو 20 ہزار ایکڑ پر جنگلات تھے۔ فوٹو: اے ایف پی
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ان کا مشن ہے اور جنگلات کی زمینوں پر قبضے کرنے والوں کو صرف جرمانہ نہیں بلکہ پکڑ کر جیلوں میں ڈالنا چاہیے۔
اتوار کو میانوالی کے علاقے کندیاں میں شجر کاری مہم کا آغاز کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ’جو جنگل انگریز چھوڑ کر گئے تھے ہم وہ بھی تباہ کر دیا۔ عوام کو جنگلات کی اہمیت کا ہی نہیں پتہ، سکولوں کے نصاب میں اس حوالے سے مضامین شامل کریں گے۔‘

 

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو اللہ نے بارہ موسم دیے ہیں اور لوگوں کو اس کا علم ہی نہیں۔ ’ملک میں کبھی کسی چیز کی کمی نہیں ہونا چاہیے کیونکہ ہم کو ہر نعمت سے نوازا گیا ہے۔‘
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب وہ بچپن میں کندیاں آتے تھے تو 20 ہزار ایکڑ پر جنگلات تھے جن میں سے دس ہزار ایکڑ رقبے پر درخت تھے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں چھانگا مانگا کا بڑا جنگل تھا جس پر لوگوں نے قبضے کر لیے۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے کہا کہ وہ جنگلات کی زمینوں پر قبضہ کرنے کو صرف پانچ لاکھ جرمانہ ہی نہ کریں بلکہ جیلوں میں ڈالیں۔
عمران خان نے کہا کہ کندیاں میں بیری کا جنگل اگایا جا رہا ہے جس سے لوگوں کو روزگار ملے گا۔ ’دنیا میں بیری کے شہد کی سب سے زیادہ مانگ ہے۔ یہ جنگل آپ کو نوکریاں دے گا، خوشحالی دے گا۔‘

عمران خان نے کہا کہ کندیاں میں بیری کا جنگل اگایا جا رہا ہے جس سے لوگوں کو روزگار ملے گا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

ان کا کہنا تھا کہ تھانے کلچر کو بدلنا یہاں کے عوام کا بڑا مطالبہ ہے۔ ’پنجاب میں آئی جی شعیب دستگیر کو لائے ہیں اور ان سے کہا ہے کہ بڑے چوروں پر ہاتھ ڈالیں کیونکہ چھوٹے چوروں کو پکڑنے سے چوری ختم نہیں ہوتی۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے اپنی حکومت میں بڑے ڈاکوؤں پر ہاتھ ڈالا کیونکہ ماضی میں چھوٹے کرپٹ لوگوں کو پکڑا جاتا رہا جس سے کرپشن ختم ہونے کے بجائے بڑھی۔ ’ہماری حکومت میں پہلی دفعہ ہوا کہ بڑے ڈاکوؤں کو پکڑا گیا جس سے کرپشن کم ہوئی۔‘
انہوں نے کہا کہ میانوالی کی نمل یونیورسٹی میں باہر کی دنیا سے طالب علم پڑھنے آئیں گے اور پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ان کا مشن ہے۔ ’ہماری حکومت نے پنجاب میں 50 لاکھ خاندانوں کو صحت کارڈز دیے ہیں۔‘

شیئر: