Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گرین ریاض‘ منصوبے سے گرمی 8 درجے کم ہوگی

منصوبے کا مقصد شہر کی آب ہوا کو بہتر بنانے کے علاوہ درجہ حرارت میں کمی لانا ہے ( فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی دار الحکومت ریاض میں ساڑھے 7 ملین درخت لگانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔
’گرین ریاض‘ منصوبے کا مقصد شہر کی آب ہوا کو بہتر بنانے کے علاوہ درجہ حرارت میں کمی لانا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق گرین ریاض منصوبے سے شہر بھر میں گرمی کی مقدار میں ڈیڑھ سے دو درجے جبکہ شجر کاری کے علاقوں میں 8 درجے کمی ہوگی۔
واضح رہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے گرین ریاض منصوبے کی تجویز دی تھی جسے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے منظور کیا تھا۔

منصوبے کے مطابق پہلے مرحلے میں ریاض کی مرکزی شاہراہوں پر 144 کلو میٹر کی مسافت پر 31 ہزار درخت لگائے جائیں گے۔
دوسرے مرحلے میں شہر بھر میں ایک لاکھ درخت لگائے جائیں گے جس سے سبزہ زاروں کا رقبہ 1.4 ملین مربع میٹر ہوجائے گا۔
تیسرے مرحلے کے دوران شہر کے مرکزی علاقوں میں پارک تعمیر کیے جائیں گے جبکہ قائم شدہ پارکوں میں شجر کاری کی جائے گی۔

شجر کاری کے آخری مرحلے میں محلوں، رہائشی عمارتوں، دفاتر اور سرکاری عمارتوں کے سامنے جہاں تک ممکن ہوسکے گا درخت لگائے جائیں گے۔
شجر کاری کی انتظامی کمیٹی نے کہا ہے کہ ’شہر میں ماحول سے قریب قسموں کے درخت لگائے جارہے ہیں۔ خاص طور پر بیری، نیم اور دیگر قسم کے درخت لگائے جائیں گے‘
 

شیئر: