Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امن معاہدہ، پاکستان کو تقریب میں شرکت کی دعوت

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے میں پاکستان اور قطر کا کلیدی کردار ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں قطر کے سفیر صقر بن مبارک نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات میں ان کو 29 فروری کو دوحہ میں امریکہ - طالبان امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی خصوصی دعوت دی ہے۔
منگل کو پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق قطری سفیر  نے شاہ محمود قریشی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور قطری ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ جناب شیخ محمد بن عبد الرحمن الثانی کی جانب سے بھیجا گیا دعوت نامہ پیش کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر قطر کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، امریکہ - طالبان معاہدے سے متعلق اعلان کا خیر مقدم کرتا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کا ہمیشہ سے موقف رہا ہے کہ افغان تنازعےکا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ آج دنیا پاکستان کا موقف تسلیم کر رہی ہے۔‘
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے میں پاکستان اور قطر کا کلیدی کردار ہے۔ ’پاکستان پرامید ہے کہ امن معاہدے پر دستخط انٹرا افغان مذاکرات کی طرف لے جائیں گے۔‘
واضح رہے کہ امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان ایک ہفتے کی جنگ بندی کے بعد 29 فروری کو امن معاہدے پر دستخط ہونا طے پایا ہے۔ 

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، امریکہ - طالبان معاہدے سے متعلق اعلان کا خیر مقدم کرتا ہے (فوٹو:اے ایف پی)

پاکستان  کے دفترِ خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے پیر کو اُردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کافی عرصے سے افغانستان میں امن کی کوششیں کرتا آیا ہے کیونکہ افغانستان میں امن ہونے کا مطلب ہے کہ خطے میں بھی امن آئے گا۔ 
سینیئر صحافی اور افغان امور کے ماہر رحیم اللہ یوسفزئی نے اردو نیوز کو بتایا کہ اس معاہدے کے بعد پاکستان کی خطے میں ساکھ بہتر ہوگی اور پاکستان چاہے گا کہ اُس کے جو تحفظات ہیں اُن کو بھی دور کیا جائے۔ تاہم پاکستان کے سابق نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) ناصر جنجوعہ کے مطابق افغان امن معاہدہ ہونے کے بعد اگلے چند روز بہت اہم ہوں گے۔
اُن کے مطابق اس معاہدے کے مستقبل کے حوالے سے ابھی حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا کیونکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے سے کوئی حتمی پیش گوئی نہیں کی جا سکتی۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: