Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلطانز نے زلمی کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
124 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سلطانز کے ریلے روسو 49 اور خوشدل شاہ نے 43  رنز بنائے۔
ملتان سلطان کی چار وکٹیں 47 کے سکور پر گر گئی تھی تاہم اس وقت ریلے روسو اور خوشدل شاہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملتان کو مشکلات سے نکالا۔ ملتان نے ہدف پانچ اوورز اور ایک گیند قبل ہی حاصل کر لیا۔
 
شاندار بولنگ پر ملتان سلطانز کے سہیل تنویر کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ زلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے دو وکٹیں جبکہ راحت علی اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
 پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو جیتنے کے لیے 124 رنز کا ہدف دیا تھا۔
ملتان کا آغاز بھی کوئی اچھا نہیں تھا اور ہدف کے تعاقب میں سلطانز کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب اوپنر جیمز ونس حسن علی کی گیند پر 5 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ معین علی راحت علی کا شکار بنے۔  جبکہ شان مسعود وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
ذیشان اشرف اچھے فارم میں نظر آرہے تھے اور کریز پر آتے ہی وہاب ریاض کو لگاتار تین چوکے بھی مارے۔ تاہم اگلے ہی اوور میں وہاب ریاض نے ان کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ان کا شاندار کیچ ٹام بینٹن نے لیا۔

زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سلطانز کو جیتنے کے لیے 124 رنز کا ہدف دیا (فوٹو: ٹوئٹر)

اس سے قبل ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ زلمی کو اننگز کے پہلے ہی اوور میں اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب اوپنر ٹام بینٹن محمد عرفان کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔ شاہد آفریدی نے ان کا شاندار کیچ پکڑا۔
زلمی کے ان فارم بیٹسمین کامران اکمل 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ وہ سہیل تنویر کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔ شان مسعود آٹھ رنز بنا کر وہاب ریاض کا شکار بنے۔
زلمی کے سینئر بیٹسمین شعیب ملک بھی اس میچ میں ناکام ہوئے اور صرف دو رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ محمد الیاس کی گیند پر وکٹ کیپر نے ان کا کیچ لیا۔
زلمی کی جانب سے حیدر علی نے 27 گیندوں پر 47 رنز کی اچھی اننگز کھیلیں۔ وہ سہیل تنویر کا شکار بنے۔ لیام ڈاؤسن کو شاہد آفریدی نے آؤٹ کیا جبکہ وہاب ریاض عمران طاہر کا شکار بنے۔ محمد عرفان نے  زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی دو رنز پر آؤٹ کیا جبکہ  راحت علی اور حسن علی سہیل تنویر کا شکار بنے۔
 

ملتان سلطانز کو ہوم گراؤنڈ کا ایج بھی حاصل تھا (فوٹو: پی سی بی)

ملتان سلطانز کی جانب سے محمد عرفان نے دو جبکہ سہیل تنویر نے چار وکٹیں حاصل کیں۔  سہیل تنویر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار وکٹوں کے لیے صرف 13 رنز دیے۔  محمد الیاس نے دو جبکہ عمران طاہر اور شاہد آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 
پی ایس ایل فائیو کا یہ میچ پہلی مرتبہ ملتان میں ہوا اور ملتان کے کرکٹ شائقین اس حوالے سے خاصے پرجوش نظر آئے۔ 

بارہ سال بعد ملتان کرکٹ اسٹیڈیم  کی رونقیں بحال ہوئی ہیں (فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر)

اس میچ کے ساتھ 12 سال بعد ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں رونقیں بحال ہوئی. ملتان کے شہریوں کو پاکستان سپر لیگ  کے میچ کا ملتان میں بے صبری سے انتظار تھا۔  ملتان کے بعد پی ایس ایل کا میلہ جمعرت کو واولپنڈی میں لگے گا۔ راولپنڈی کے کرکٹ سٹیڈیم میں کل اسلام آبا یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹر کا جوڑ پڑے گا۔ 
 

 

پی ایس ایل فائیو میں پشاور زلمی کو ایک میچ میں شکست ہوئی ہے تو ایک میں کامیابی بھی ملی ہے جبکہ ملتان سلطانز پہلے میچ میں ضرور کامیاب ہوئے لیکن دوسرے میچ میں انہیں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔
آج کے میچ میں ملتان سلطانز کو ہوم گراؤنڈ کا ایج حاصل ہے۔ 

شیئر: