Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل: ’طوفان سے پہلے خاموشی، ملتان والو تیار ہو؟‘

ملتان میں پی ایس ایل کا پہلا میچ منعقد کیا جا رہا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں پہلی بار ملتان کسی پی ایس ایل میچ کی میزبانی کر رہا ہے۔ آج پشاور زلمی اور میزبان ملتان سلطانز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
شائقین کرکٹ اور ملتان میں پہلا پی ایس ایل میچ کھیلنے والی ٹیمیں اس تاریخی لمحے کے متعلق اپنے جذبات کا اظہار کر رہی ہیں۔ سوشل میڈیا نے بھی ملتان میں ہونے والے اس میچ کے متعلق دل کھول کر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
حمزہ کلیم نامی صارف نے سڈنی اور میلبورن سے ملتان کے گراؤنڈ کا موازنہ کرتے ہوئے لکھا ’ یہ پاکستان کا خوبصورت میدان ہے، پی سی بی کو اسے انٹرنیشنل میچوں کے لیے زیرغور لانا چاہیے۔‘

ایم اویس نامی ہینڈل نے ملتان کرکٹ سٹیڈیم کی خوبصورتی کو اجاگر کرتے ہوئے لکھا کہ ’طوفان سے پہلے کی خاموشی۔  خوبصورت کھیل، خوبصورت مقام، خوبصورت شہر اور لوگ، اولیا کا شہر۔ یہ میچ بڑا مقابلہ بننے جا رہا ہے۔ ملتان والو، تیار ہو؟

ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیموں میں موجود بڑے نام شائقین کرکٹ کی خصوصی توجہ کا مرکز رہتے ہیں، تاہم آج کے مقابلے میں بوم بوم آفریدی کی موجودگی بھی شائقین کے لیے اہم دلچسپی ہے۔ ٹوئٹر صارفین ان کے کرکٹ کیریئر کی تصاویر شیئر کر کے اپنے جذبات کا اظہار کرتے رہے۔

پاکستان سپر لیگ کے ہینڈل نے ’ہاں تو پھر تیار ہو، سائیں؟‘ کا سوال کیا تو جواب دینے والے شائقین نے ملتان سلطانز کے چیئرمین علی خان ترین اور پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کی متعلق اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
علی ترین اور جاوید آفریدی کے درمیان مکالمے کو بھی خاصی پزیرائی ملی۔ جس میں ملتان سلطان کے چیئرمین پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کو ملتان میں خوش آمدید کہتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کامران اکمل سے ایزی رہنے کا کہیں، اگر انہوں نے سنچری کی تو ناراضگی ہو جائے گی۔
جواب میں جاوید آفریدی مسکراتے ہوئے کہتے ہیں’مہمانوں کا خیال رکھا جاتا ہے، آپ ہمارا خیال رکھیں، ہم آپ کا خیال رکھیں گے‘۔ ساتھ ہی وہ شائقین کو مخاطب کرتے ہوئے کہتے ہیں ’ترین بھی افغانستان سے آئے ہیں، یہ بھی پٹھان ہیں۔‘
علی ترین جواب میں پشتون شائقین کرکٹ کو مخاطب کرتے ہوئے ملتان سلطانز کی حمایت کا کہتے ہیں۔ ان کے مطابق ’پشاور زلمی کے چیئرمین ہی پٹھان ہیں جب کہ ٹیم ساری پنجابی کھلاڑیوں کی ہے، البتہ ملتان سلطانز کے پاس پٹھان کھلاڑی بھی موجود ہیں۔‘
ڈینس کرکٹ کے ہینڈل سے شیئر ہونے والی کامران اکمل کی ایک ویڈیو کا بھی سوشل میڈیا پر خوب چرچا رہا جس میں وہ سٹیمپ اور گولف بول کی مدد سے پریکٹس کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: