Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا: طبی آلات اورماسک کی برآمد پر پابندی

محکمہ کسٹم نے تمام اداروں کو پابندی سے تحریری طور پر آگاہ کردیا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی محکمہ کسٹم نے کورونا وائرس سے بچاﺅ یا وائرس کا پتہ لگانے میں معاون تمام طبی آلات مصنوعات و لوازمات کی برآمد پر پابندی لگادی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق محکمہ کسٹم نے اتوار کو جاری بیان میں کہا کہ وزارت صحت نے کورونا وائرس کا پتہ لگانے یا وائرس سے بچاﺅ میں استعمال ہونے والی دواﺅں، مشینوں اور لوازمات کی ایک فہرست جاری کی ہے۔ اس فہرست میں شامل تمام اشیا کی برآمد معطل کردی گئی ہے۔‘
بیان کے مطابق ’یہ اقدام مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔‘

محکمے کے مطابق یہ اقدام شہریوں کی سلامتی  یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

محکمہ کسٹم نے پابندی سے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں کو تحریری طور پر بھی مطلع کردیا ہے۔
محکمہ کسٹم کا کا کہنا ہے کہ جن اشیا کی برآمد پر پابندی لگائی گئی ہے ان میں حفاظتی ملبوسات، میڈیکل ماسک، سپیشل میڈیکل سوٹ، وائرس سے بچانے والے میڈیکل چشمے اور میڈیکل ماسک شامل ہیں۔
’ان میں سے کوئی بھی چیز کاروبار کی غرض سے برآمد کی جاسکتی ہے اور نہ مسافروں کو یہ اشیا اپنے ہمراہ لے جانے کی اجازت ہے۔ ایک مسافر اپنی ضرورت پوری کرنے کے لیے جو کچھ لے جاسکتا ہے وہ اسے اس کی اجازت ہوگی‘۔
’یہ پابندی سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے ضروری تدابیر اور احتیاطی انتظامات کے تحت لگائی گئی ہے۔‘

شیئر: