Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آ گیا

سعودی شہری ایران سے بحرین کے راستے سعودی عرب پہنچا تھا (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی وزارت صحت نے مملکت میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق کی ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ’کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا پہلا شخص سعودی شہری ہے جو ایران سے بحرین کے راستے سعودی عرب پہنچا تھا۔ سعودی سرحدی چوکی پہنچنے پر متاثرہ شخص نے وائرس سے متاثر ہونے کی بابت کچھ نہیں بتایا تھا‘۔
 وزارت صحت نے اپنے بیان میں کہا کہ ’وزارت نے مقامی شہری کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی اطلاع ملتے ہی انسداد وائرس ٹیم روانہ کر دی ہے‘۔

مقامی شہری کا معائنہ کرکے نمونہ لیکر لیباریٹری بھیجا گیا (فوٹو: سوشل میڈیا)

’مقامی شہری کا معائنہ کرکے نمونہ لیکر لیبارٹری بھیجا گیا۔ رپورٹ سے تصدیق ہوگئی کہ وہ وائرس کا شکار ہوچکا ہے‘۔
وزارت صحت نے تمام سعودی شہریوں، یہاں مقیم غیر ملکیوں او رعمرہ زائرین کو اطمینان دلایا کہ متاثرہ شہری کو ہسپتال میں الگ تھلگ کردیا گیا ہے۔ اس کا علاج کیاجارہا ہے۔ تمام حفاظتی تدابیر اختیار کرلی گئی ہیں۔
وزارت صحت نے مزید بتایا ہے کہ ’متاثرہ شہری سے ملنے والے تمام افراد کی فہرست تیار کرلی گئی ہے۔ ان کے نمونے لے لیے گئے۔ معائنے کے لیے نیشنل سینٹر بھیج دیے ۔ رپورٹ ملتے ہی تمام نتائج سے رائے عامہ کو آگاہ کر دیا جائے گا‘۔

وزارت صحت کے مطابق  متاثرہ شہری سے ملنے والوں کی فہرست تیار کرلی (فوٹو: عرب نیوز)

وزارت صحت نے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی ’اگر کسی کو کورونا وائرس سے متعلق کوئی بات دریافت کرنی ہو تو پہلی فرصت میں 937 ہیلتھ رابطہ سینٹر سے رجوع کریں‘۔
وزارت صحت کے مطابق ’سب لوگ کورونا وائرس سے متعلق تمام معلومات سرکاری ذرائع ہی سے حاصل کرنے کا اہتمام کریں اور اس حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہوں پر کسی بھی صورت میں کان نہ دھریں‘۔
دریں اثناءسعودی وزیر صحت نے پریس کانفرنس میں کہا سعودی صحت حکام نے کورونا وائرس کے شبے میں 290 سے زیادہ افراد کو طبی معائنے کے بعد کلیئر کیا ہے۔ان میں سے کوئی وائرس میں مبتلا نہیں پایا گیا۔

شیئر: