Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شہریوں، غیر ملکیوں کے عمرے پر پابندی عائد

حکام کے مطابق عمرے پر پابندی کے فیصلے پر نظر ثانی ہوتی رہی گی (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی حکومت نے اپنے شہریوں اور ملک میں مقیم غیر ملکیوں کے عمرہ کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔ حکومت کے فیصلے کے بعد اب سعودی شہری یا ملک میں مقیم غیر ملکی نئے احکامات آنے تک عمرہ نہیں کر سکتے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی (واس) کے مطابق وزارت داخلہ کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’ملک میں کورونا وائرس کے انسداد کے لیے کے کام کرنے والی کمیٹی کی سفارش پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ وقتی طور پر سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے عمرہ کرنے پر پابندی عائد کی جائے۔‘
وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’عمرے پر پابندی کے فیصلے پر وقتاً فوقتاً نظر ثانی ہوتی رہے گی اور اسباب ختم ہونے پر پابندی بھی اٹھالی جائے گی۔‘

وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’کورونا وائرس سے بچنے کے لیے سعودی حکومت نے وبا کی نگرانی کرنے والے عالمی اداروں اور عالمی ادارہ صحت کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے بیرون ملک سے آنے والے ان عمرہ زائرین کو ویزے جاری کرنا بند کردیے تھے جہاں کرونا پھیلا ہوا ہے۔‘
وزارت نے کہا ہے کہ ’سعودی حکومت نے کورونا کا شکار ہونے والے ممالک سے سیاحتی ویزے بھی معطل کر رکھے ہیں۔‘
وزارت داخلہ کے مطابق ’حکومت نے سعودی شہریوں اور خلیجی ریاست کے شہریوں کا جی سی سی ممالک میں شناختی کارڈ سے سفر پر پابندی لگا دی تھی۔‘
وزارت نے واضح کیا ہے کہ ’اب احتیاطی تدابیر مزید سخت کرتے ہوئے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے عمرے پر بھی پابندی عائد کی جا رہی ہے۔‘

سعودی شہری اور غیر ملکی نئی ہدایات آنے تک عمرہ نہیں کر سکتے (فوٹو: اے ایف پی)

’حرمین شریفین کو کورونا جیسی وبا سے پاک رکھنے کے لیے حکومت کے لیے بہت اہم ہے کہ وقتی طور پر مقدس مقامات کو بھیڑ سے دور رکھا جائے۔‘
یاد رہے کہ سعودی عرب نے پیر دو مارچ کو کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق کی تھی۔ ایران سے بحرین کے راستے آنے والا سعودی شہری کورونا وائرس میں مبتلا پایا گیا تھا۔
سعودی عرب میں کورونا وائرس کی نگران کمیٹی کے مطابق ’نئے کورونا وائرس سے متاثرہ سعودی شہری صحت یاب ہو رہا ہے اور وہ خطرے سے باہر ہے۔‘ 
سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا تھا کہ ’سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی نئے کورونا وائرس سے پریشان نہ ہوں۔ ملک میں وائرس سے بچاﺅ کے لیے موثر انتظامات کیے گئے ہیں۔‘

حکام کے مطابق پابندی کا مقصد حرمین شریفین کو بھیڑ سے دور رکھنا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

اس کے علاوہ سعودی عرب کے محکمہ شہری ہوا بازی کی جانب سے بھی کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر مسافروں کی سلامتی کے لیے احتیاطی تدابیر سخت کی جا چکی ہیں۔
محکمہ شہری ہوا بازی کا کہنا تھا کہ ’سفر سے پہلے تمام مسافروں کا طبی معائنہ ہوتا ہے، پرواز کے دوران کام کرنے والے عملے کو دستانے اور ماسک پہنے رکھنے کی سختی سے تاکید کی گئی ہے۔‘
محکمے نے کہا کہ ’سفر کے دوران کسی مریض پر کورونا کا شبہ ہو جائے تو اسے باقی مسافروں سے دور رکھا جاتا ہے اور اس کی استعمال کی جانے والی جگہ کو وائرس سے پاک کیا جاتا ہے، اس سارے عمل کی مکمل تربیت عملے کو دی گئی ہے۔‘

شیئر: