Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی انجینیئرزخواتین کا جدہ کی تاریخی شناخت برقرار رکھنے کا عزم

بلد میں کئی تاریخی اور ثقافتی ورثہ کی عمارتیں موجود ہیں(فوٹو سعوی گزٹ)
جدہ کے علاقے بلد میں کئی ایک تاریخی اور ثقافتی ورثہ کی عمارتیں موجود ہیں جنہیں یونیسکو کی جانب سے عالمی ثقافتی ورثہ کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
سعودی گزٹ کے مطابق چار سعودی انجینیئر خواتین نے اس تاریخی ورثہ کی عمارتوں کی اصل شناخت اور فن تعمیرات کی خوبصورتی کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کا ارادہ کیا ہے۔

مقصد سعودی وژن 2030 کے مطابق سیاحت کے منصوبے کو پروان چڑھانا ہے(فوٹو عرب نیوز)

یہ انجینیئرخواتین جن میں العنود الشیخ، سارہ ابو الحمائل، دانیہ باعیسی اور لاجین بدریق شامل ہیں وہ ان دنوں جدہ کے تاریخی علاقے بلد میں ایسی تمام عمارتوں کی ضروری دستاویزی معلومات اکٹھی کرنے میں مصروف ہیں۔

یہ عمارتیں یونیسکو کی جانب سے عالمی ثقافتی ورثہ کی فہرست میں شامل ہیں(فوٹو عرب نیوز)

خستہ حال عمارتوں کی بحالی کے اس کام کا مقصد سعودی وژن2030 کے مطابق سیاحت کے منصوبے کو پروان چڑھانا ہے۔
اس موقع پر سعودی خاتون انجینیئر العنود الشیخ نے کہا کہ اس مشن میں میری ذمہ داری ڈرون کیمرے سے ان تاریخی عمارتوں کی فوٹوگرافی کرنا ہے جو ہم نے متعین کی ہیں اس کے بعد ان عمارتوں کی لیزر سکیننگ کی جائے گی۔

خسستہ حال عمارتوں کی بحالی اورتجدید سے نئی شناخت ابھرے گی(فوٹو العربیہ)

انہوں نے کہا کہ ٹھوس معلومات حاصل کر کے ان  کی دستاویز تیار کرنے کے بعد ان عمارتوں کی تزئین و آرائش کے لیے سرمایہ کاروں کو رغبت دلائی جائے گی، ایسے سرمایہ کار جو بعدازاں ان عمارتوں کو عجائب گھر یا ریستوران کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔

تاریخی ورثہ کی عمارتوں کی اصل شناخت اور فن تعمیرات برقرار رہے گی(فوٹو العربیہ)

یہاں موجود سارہ ابو الحمائل نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے میں میری ذمہ داری ایسی خسستہ حال عمارتوں کی بحالی، تجدید اور انہیں مستقبل کے لیے دوبارہ خوبصورت بنانے میں تعاون کرنا ہے۔
دانیہ باعیسی نے اپنی ذمہ داریوں کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میں ٹھیکیداروں اور اس کام کے لیے تفویض کئے گئے افراد کے ساتھ مل کر ان عمارتوں کو یقینی طور پر یونیسکو کے معیار کے مطابق تیار کرنے میں مدد فراہم کروں گی۔

جدہ کے تاریخی علاقے کی شناخت برقرار رکھی جائے گی(فوٹو عرب نیوز)

لاجین بدریق کا کہنا تھا کہ میرے کام کی نوعیت یونیسکو کی ٹیم کے ساتھ اس پراجیکٹ کوعملی جامہ پہنانا ہے اور اس اہمیت کو سامنے رکھنا ہے کہ جدہ کے تاریخی علاقے بلد میں منتخب کردہ عمارتوں کی شناخت کو برقرار رکھا جائے اور اس علاقے کی تاریخی حیثیت قائم رہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم اس بات کو اہمیت دیتی ہے کہ بلد کےعلاقے میں بننے والی نئی عمارتیں ان اصولوں پر بنائی جائیں کہ موجودہ تاریحی عمارتوں کی عالمی ورثہ کی شناخت کے اصولوں کو نظرانداز نہ کریں۔
  • سعودی عرب کی خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: