Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائسنس لینے کے 10 منٹ بعد ڈرائیور دریا میں جا گرا

چین میں کار چلاتے ہوئے موبائل فون پر مگن ایک نوجوان ڈرائیونگ ٹیسٹ پاس کرنے کے 10 منٹ بعد ہی دریا میں جا گرا۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق زانگ نامی ڈرائیور ٹریفک پولیس کی جانب سے بھیجے جانے والے مبارکباد کے پیغامات پڑھتے ہوئے ایک پُل پر سے گزر رہے تھے کہ ان کی توجہ سڑک سے ہٹ گئی اور وہ کار سمیت دریا میں گرگئے۔
چینی شہر زونی کی ٹریفک پولیس نے سوشل میڈیا پر اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور تصاویر پوسٹ کی ہیں جن میں کار کو دریا میں گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
فوکس نیوز کے مطابق زانگ کا کہنا ہے کہ ’جب میں پُل پر گاڑی چلا رہا تھا تو میں فون پکڑ کر ٹیکسٹ میسجز پڑھنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اچانک میں نے دو افراد کو سامنے پایا۔ میں بکھلاہٹ کا شکار ہوگیا اور ایک دم کار کو بائیں جانب موڑ دیا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے آج ہی نئی نمبر پلیٹ لگائی تھی اور مجھے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے ہوئے ابھی مشکل سے 10 منٹ ہی گزرے تھے۔
خوش قسمتی سے زانگ کار کے دروازے کو پاؤں سے دھکیل کر باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے اور بعد میں ان کی کار کو کرین کی مدد سے دریا سے باہر نکالا گیا۔

اس حادثے کے نتیجے میں زانگ کے کندھے کا جوڑ اپنی جگہ سے ہل گیا ہے۔
چین میں ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرتے ہوئے اس طرح کے حادثات نئی بات نہیں ہے۔ اس سے قبل 2017 میں ایک شخص موٹر سائیکل چلاتے ہوئے فون پر مصروف تھا کہ وہ ایک بڑے گٹر میں گرگیا تھا۔

شیئر: