Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اوبر ڈرائیور سو گیا، خاتون نے خود سٹیئرنگ سنبھال لیا

28 سالہ خاتون نے 21 فروری کو پونے سے ممبئی میں اپنے گھر تک کے لیے اوبر بک کرائی تھی (فوٹو:سوشل میڈیا)
انڈیا کی ریاست مہاراشٹر کے شہر پونے میں 28 سالہ خاتون کو اس وقت ڈرائیونگ سیٹ سنبھالنا پڑی جب ڈرائیور گاڑی کو ممبئی لے جاتے ہوئے خود نیند کی وادی میں چلا گیا۔
21 فروری کو پیش آنے والا اپنی نوعیت کا انوکھا واقعہ اس وقت خبروں میں آیا جب اوبر ٹیکسی میں سفر کرنے والی مسافر تیجسوینی دیویا نائیک نے سوشل میڈیا پر کچھ ویڈیوز شیئر کیں۔
نائیک نے 21 فروری کو دن ایک بجے پونے سے ممبئی کے علاقے اندھیری میں اپنے گھر تک کے لیے اوبر بک کرائی۔
انہوں نے بتایا کہ ’شروع میں تو ڈرائیور مسلسل فون پر مصروف رہا اور میں نے اسے ڈرائیونگ کے دوران فون کے استعمال سے منع کیا جس کے بعد اس نے فون رکھ دیا اور سونے لگا۔‘
ایک موقع پر تو ڈرائیور دوسری گاڑی کو ٹکر مارنے ہی والا تھا جس پر انہوں نے ڈرائیور کو یہ پیشکش کی کہ اگر وہ کچھ دیر سونا چاہتا ہے تو سو سکتا ہے گاڑی وہ خود چلالیں گی۔
فلم انڈسٹری میں کام کرنے والی مس نائیک نے مزید بتایا کہ جب اس نے رضامندی ظاہر کی تو میں ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھ گئی اور اسے بتایا کہ وہ آدھا گھنٹہ سو سکتا ہے کیونکہ میں اپنے کمر درد کی وجہ سے زیادہ دیر تک گاڑی نہیں چلا سکتی۔‘
انہوں نے بتایا کہ سونے کے بجائے ٹیکسی ڈرائیور فون پر باتیں کرتا رہا اور ساتھ ساتھ ان کی ڈرائیونگ کی تعریف بھی کرتا گیا۔
جب ڈرائیور آخرکار سو گیا تو انہوں نے ثبوت کے طور پر اپنے فون سے اس کی تصاویر اور ویڈیوز بنائیں اور بعد میں انہیں سوشل میڈیا پر پوسٹ کردیا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی واقعے کی ویڈیو میں ٹیکسی کمپنی کو بھی ٹیگ کیا۔
گھر پہنچنے سے ٹھیک آدھا گھنٹہ قبل ڈرائیور نیند سے جاگ گیا اور اپنی ڈیوٹی کے مطابق گاڑی چلانے لگا۔
رابطہ کرنے پر اوبر کے ترجمان نے ایک ای میل کے زریعے بتایا کہ ’یہ ایک قابل افسوس اور تشویشناک وااقعہ ہے، مذکورہ ڈرائیور کی ایپ تک پہنچ معطل کردی گئی ہے۔‘

شیئر: