Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج سیکیورٹی: اہلکار اردو سمیت 5 زبانیں سیکھیں گے

ای یونیورسٹی پولیس اہلکاروں کو آن لائن کورس کرائے گی۔ (فوٹو: سعودی گزٹ)
حج پر آنے والے سب سے زیادہ انگریزی، اردو، فارسی، فرانسیسی اور ترکی زبانیں بولنے والے ہوتے ہیں۔ اس لیے سعودی حکام حج پر آنے والوں کے ساتھ افہام و تفہیم کے لیے سکیورٹی اہلکاروں کو  پانچ زبانوں کا کورس کرائیں گے۔
مکہ اخبار کے مطابق سعودی ای یونیورسٹی سکیورٹی اہلکاروں کو اردو، فارسی، فرانسیسی، انگریزی اور ترکی زبانوں کا کورس آن لائن کرائے گی۔

کورسسز کا مقصد زائرین کی رہنمائی کرنا اور انہیں منزل تک پہنچانا ہے (فوٹو: العربیہ نیٹ)

اس مقصد کے لیے مکہ مکرمہ کی پولیس اور یونیورسٹی کے درمیان جدہ گورنر ہاﺅس میں شہزادہ خالد الفیصل کی موجودگی میں تعاون کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
 مکہ کی پولیس، گشتی سکیورٹی دستوں میں شامل اہلکار، ٹریفک اور روڈ سکیورٹی فورس کے اہلکار پانچ زبانیں سیکھیں گے۔
مکہ پولیس کی جانب سے ڈائریکٹر میجر جنرل عید العتیبی اور سعودی ای یونیورسٹی کی جانب سے قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر ابراہیم المعیقل نے یادداشت پر دستخط کیے۔
ای یونیورسٹی سکیورٹی اہلکاروں کو مذکورہ زبانوں کے ساتھ یہ بھی بتائے گی کہ زائرین کی رہنمائی کس طرح کی جائے۔ انہیں راستوں کے حوالے سے کس طرح بتایا جائے۔ اس طرح کے اہم امور سکیورٹی اہلکاروں کو مختلف زبانوں میں سکھائے جائیں گے۔
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: