Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

103 سالہ معمر ترین اردنی دولہا

49 سالہ خاتون سے شادی کرکے سب کو حیران کردیا۔(فوٹو: المرصد)
اردن کے 103سالہ  شہری عارف عطیہ الجدایہ نے معمر ترین دولہا ہونے کا ریکارڈ قائم کردیا۔
شمالی اردن کے قصبے صما سے تعلق رکھنے والے شہری نے 49 سالہ خاتون سے شادی کرکے اپنے بیٹوں اور تمام رشتہ داروں کو ششدر و حیران کردیا۔
المرصد ویب سائٹ نے ارم نیوز کے حوالے سے بتایا کہ چند ماہ قبل اردن کے معمر شہری کی پہلی بیوی کا انتقال ہوگیا تھا۔ بیٹوں نے انہیں اپنے ساتھ رہنے کی درخواست کی جسے مسترد کردیا تھا۔
اردنی شہری کے رشتہ داروں نے بتایا کہ’ ہمارے 103سالہ بزرگ نے 49 سالہ خاتون سے رشتہ کرلیا۔ اب وہ اپنی زندگی کے باقی ماندہ ایام نئی دلہن کے ساتھ گزاریں گے۔‘
عارف الجدایہ کی بیوی ’ام ابراہیم‘ کا انتقال اکتوبر 2019 میں ہوگیا تھا۔
ماں کے انتقال کے بعد بیٹوں نے اپنے والد کو ساتھ رہنے پر آمادہ کرنے کی سر توڑ کوشش کی۔ وہ اولاد کی ہر درخواست کو مسترد کرتے رہے اور کہتے رہے کہ میں تو الگ اپنے گھر میں ہی رہوں گا۔
رشتے داروں نے بتایا ہے کہ ’عارف عطیہ الجدایہ کی صحت بہت اچھی ہے اور وہ ماضی قریب تک کاروبار کرتے رہے ہیں۔‘
ان کے مطابق ’ان کے حوصلے نوجوانوں جیسے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اس عمر میں شادی کرکے تمام رشتہ داروں اور واقف کاروں کو حیران کردیا‘۔

شیئر: