Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔
جمعرات کو کینیڈین وزیراعظم کے آفس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ کے کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے تاہم کینیڈین وزیراعظم خیریت سے ہیں۔
فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جسٹن ٹروڈو اور ان کی 44 سالہ اہلیہ نے جمعرات کو اس وقت خود کو الگ تھلگ کرنے کا اعلان کیا تھا جب صوفی گریگوئر ٹروڈو کا ایک عوامی تقریب میں شرکت کے بعد کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا۔ 
کینیڈین وزیراعظم کی اہلیہ صوفی گریگوئر ٹروڈو برطانیہ میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد واپس اپنے ملک پہنچیں تو ان میں کورونا کی کچھ علامات ظاہر ہوئیں۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ صوفی ٹروڈو کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے تھے جو مثبت آئے ہیں تاہم ان میں ہلکی علامات ظاہر ہوئی ہیں اور وہ الگ تھلگ رہیں گی۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعظم صحت مند ہیں اور ان میں کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں لیکن وہ بھی دو ہفتوں کے لیے الگ رہیں گے اور اپنے ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق ان کا ٹیسٹ نہیں کیا جائے گا۔
جسٹن ٹروڈو اپنا کام جاری رکھیں گے اور ہفتے کو عوام سے خطاب کریں گے۔
کینیڈا کیچھ ریاستوں میں کورونا وائرس کے اب تک 150 کیسز سامنے آچکے ہیں اور ایک ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس کو عالمی وبا قرار دیا ہے (فوٹو:اے ایف پی)

چین میں جمعہ کو کورونا کے مزید آٹھ کیسز سامنے آئے ہیں، نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق چین کے صوبے ہوبائی کے دارالحکومت ووہان میں مزید پانچ افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ شنگھائی میں دو اور بیجنگ میں ایک شخص میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔
سعودی عرب میں بھی کورونا وائرس کے مزید 17 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں اس مہلک وائرس سے متاثرہ کل افراد کی تعداد 62 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب نیپال نے جمعہ کو اسوبا کے پیش نظر اپنی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ پر چڑھنے کے لیے اجازت نامے معطل کردیئے ہیں۔
 

شیئر: