Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یورپ میں 15 ہزار افراد کورونا سے متاثر

چین میں کورونا سے متاثر ہونے والے 70 فیصد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
کورونا وائرس سے اب تک دنیا میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 7 سے زائد ہوگئی ہے جب کہ وائرس کی وجہ سے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کو عام لوگوں اور سیاحوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق دسمبر 2019 میں کورونا کی تشخیص کے بعد سے آج منگل تک 105 ممالک میں ایک  لاکھ 15 ہزار 124 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔
یورپ میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔
 
کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک چین ہے جہاں 80 ہزار 754 افراد میں کورونا کی تشخیص ہو چکی ہے جبکہ تین ہزار 136 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔
چین میں کورونا سے متاثر ہونے والے 70 فیصد افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔
کورونا سے چین کے بعد اٹلی سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں کورونا کے 9 ہزار 172 کیسز سامنے آئے ہیں اور 463 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
اٹلی کی حکومت نے اپنے 6 کروڑ شہریوں سے کہا ہے کہ وہ ’گھروں میں رہیں‘ اور صرف انتہائی ضرورت کے وقت اور طبی وجوہات کی بنا پر ہی گھر سے باہر نکلیں۔
ویٹی کن نے سینٹ پیٹرز سکوئر اور بیسیلیکا کا چرچ تین اپریل تک بند کر دیا ہے۔

فرانس میں اب تک کورونا کے 1 ہزار 412 کیسز سامنے آئے ہیں (فوٹو: اے پی)

اٹلی میں فٹ بال لیگ بھی تین اپریل تک معطل کر دی گئی ہے۔
اطالوی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی وجہ سے پورے ملک کو لاک ڈاؤن کرنے کے اعلان کے بعد فضائی کمپنی رائن ایئر نے اٹلی کے لیے اپنی تمام پروازیں بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب سپین نے اٹلی کے ساتھ فضائی آمدورفت بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
منگل کو آئرلینڈ کی کمپنی نے اعلان کیا کہ اٹلی کے لیے اس کی تمام پروازیں 8 اپریل تک بند رہیں گی۔
ایران میں کورونا سے اب تک 291 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 8 ہزار 42 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ جنوبی کوریا میں 7 ہزار 513 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ ملک میں 54 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

سپین نے اٹلی کے ساتھ فضائی آمدورفت بند کرنے کا اعلان کیا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

ایران میں وائرس کے پھیلاؤں کے بعد منگل کے روز ہونے والی ہلاکتیں ایک دن میں سب سے زیادہ ہیں۔  ایران کے وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہانپوری کا کہنا ہے کہ منگل کو 881 نئے کیسز سامنے آئے۔
فرانس میں اب تک کورونا کے 1 ہزار 412 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 25 اموات ہو چکی ہیں۔
منگولیا اور قبرص نے بھی کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق کر دی ہے۔

اقوام متحدہ کا نیویارک ہیڈ کوارٹرز بند

دوسری جانب نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز کو کورونا وائرس کی وجہ سے عام لوگوں کے لیے بند کر دیا گیا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گتریز کے ایک ترجمان کے مطابق عالمی ادارے کا صدر دفتر کورونا کے پھیلاؤ روکنے میں عوام کی مدد کرنے کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

ایک ہفتہ قبل جینیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر کو بھی بند کر دیا گیا تھا (فوٹو: ٹوئٹر) 

خیال رہے ایک ہفتہ قبل جینیوا میں اقوام متحدہ کے مرکزی دفتر کو بھی کورونا کی وجہ سے بند کیا گیا تھا۔
اقوام متحدہ کے نیویارک دفتر میں 3000 افراد کام کرتے ہیں۔ عموماً ہر ہفتے 5 ہزار سے زائد سیاح اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کرتے ہیں۔

شیئر: