Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کورونا وائرس سے نمٹنےکے لیے تمام سٹیک ہولڈرز متحرک ہیں‘

حکومت نے کورونا وائرس کے حوالے سے ویب سائٹ لانچ کی ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
وزیراعظم کی معاون خصوصی  اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے تمام صوبائی حکومتیں دن رات کام کر رہی ہیں اور وزیر اعظم عمران خان کورونا وائرس کی صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں جمعرات کو ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار اور وزیر اعظم کے معاون صحت ظفر مرزا کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بحیثیت قوم اس کا مقابلہ کرنا ہے، کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں معیشت کو دھچکا لگا ہے، پاکستان میں بھی اس کےاثرات ہیں۔
فردوس عاشق نے کہا کہ ’ہمیں کسی قسم کی غذائی قلت کا سامنا نہیں ہے، کھانے کی اشیا وافر مقدار میں موجود ہیں، معاشرے میں موجود کچھ عناصر مصنوعی بحران اور ناجائز منافع خوری کررہے ہیں اور وزیراعظم نے ان کے خلاف کارروائی کے لیے صوبائی حکومتوں کو ہدایات دے دی ہیں۔‘

 

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ ’موجودہ صورتحال میں افواج پاکستان پوری طرح متحرک ہے اور صوبوں اور وفاق کے ساتھ کام کر رہی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے میڈیکل پلان آف ایکشن تیار کر لیا گیا ہے، مسلح افواج کی میڈیکل فیسیلٹیز کو ایمرجنسی کی صورت میں استعمال کیا جاسکے گا، پاکستان رینجرز سول اداروں کی معاونت کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیس ماسک اور سینیٹائزر بنانے کے لیے پاک فوج کے سائنسدان معاونت کررہے ہیں، ’ہم کرائسز اور رسک منیجمنٹ سٹریٹجی بناچکے ہیں، کمیونیکیشن اسٹریٹجی میں سب سے اہم عوام سے رابطہ ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ موبائل کمپنیز کے ساتھ مل کر پبلک سروس میسیجز بھیجے جارہے ہیں، نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کیا گیا ہے، ملک کے طول و عرض سے ڈیٹا کلیکشن کی مشکلات کو جلد دور کرلیا جائے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 'لوگوں کو بروقت اور درست معلومات دینا ضروری ہے. فوٹو: اے ایف پی

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ عوام کو کورونا وائرس کے حوالے سے تازہ ترین اور مصدقہ اطلاعات پہنچانے کے لیے حکومت پاکستان نے سرکاری ویب سائٹ تیار کرلی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ویب سائٹ ( (www.covid.gov.pk پر عوام پورے پاکستان میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے ساتھ ساتھ حفاظتی اقدامات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے حوالے سے معلومات بھی حاصل کرسکیں گی۔
 ان کا کہنا تھا کہ صحت کےشعبے میں تعاون کے لیے چین سے بات چیت ہوئی ہے، چین نےکورونا وائرس کی وبا کو مزید پھیلنے سےروکا، آئندہ چند روز میں چینی ماہرین کےساتھ وڈیو کانفرنسنگ شروع کررہےہیں۔

ظفر مرزا نے کہا کہ اسپتالوں میں بلا ضرورت نہ جائیں. فوٹو: اے ایف پی

انہوں نے کہا کہ ہمیں سماجی میل جول میں کمی اور فاصلے کی ضرورت ہے، 326 میں سے زیادہ تر افراد بیرون ملک سے وائرس کےباعث متاثر ہوئے، مقامی سطح پر رابطے سے کورونا وائرس کے کیسز بہت کم ہیں۔
ظفر مرزا نے کہا کہ ہسپتالوں میں بلا ضرورت نہ جائیں، اگرجانا پڑجائے تو زیادہ لوگوں کو ساتھ لےکرنہ جائیں، جو مریض ہسپتال میں داخل ہیں ان کی تیمارداری کے لیے مقررہ اوقات میں صرف ایک شخص کواجازت ہوگی۔

شیئر: