Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی خلاباز ذیشان علی خلائی سٹیشن میں کتنے دن قیام اور کون سے تجربات کریں گے؟

شینژو 24 کا مشن 25 نومبر کو روانہ ہوگا (فوٹو: سی جی ٹی این)
پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی بدھ 25 نومبر کو چین کے جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے چینی خلائی سٹیشن تیانگونگ کے مشن پر روانہ ہوں گے۔
چین نے شینژو 24 انسانی خلائی مشن کے عملے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے جس میں پاکستانی خلاباز ذیشان علی بھی شامل ہیں۔ یہ مشن 25 نومبر کو روانہ ہوگا جبکہ اس ’تاریخی‘ موقع پر پاکستان کے وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال بھی اس وقت چین میں موجود ہیں۔
پاکستان کے خلائی تحقیقاتی ادارے سپارکو کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شفاعت علی کے مطابق پاکستانی خلا باز چینی خلائی سٹیشن پر قریباً ایک ہفتہ قیام کریں گے اور اس دوران تین مختلف سائنسی تجربات کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس پاکستان اور چین کے درمیان ہونے والے ایک معاہدے کے تحت شینژو 24 مشن کے لیے دو پاکستانی خلا بازوں محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو تربیت دی گئی تھی جن میں سے اب ایک کو چینی خلائی سٹیشن بھیجا جا رہا ہے۔
سپارکو کے مطابق مشن کی روانگی سے قبل جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں حتمی مشق بھی کی گئی ہے جس میں عملے کے تینوں ارکان نے پرواز سے پہلے کے تمام مراحل مکمل کر لیے ہیں۔ اس تین رکنی عملے میں ایک پاکستانی خلا باز بھی شامل ہیں جو چینی خلائی سٹیشن پر جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہوں گے۔
اس مشن کے حوالے سے یہ جاننا اہم ہے کہ پاکستانی خلا باز کب روانہ ہوں گے، خلائی سٹیشن تک پہنچنے میں کتنا وقت لگے گا، وہاں ان کا قیام کتنے دن کا ہوگا اور وہ کون سے سائنسی تجربات کریں گے؟
ان سوالات کے جواب جاننے کے لیے ہم نے سپارکو کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شفاعت علی سے بات کی جنہوں نے بتایا کہ پاکستان اور چین میں تربیت مکمل کرنے والے دو خلا باز، محمد ذیشان علی اور خرم داؤد اس مشن کے لیے اہل قرار پائے تھے۔
ڈاکٹر شفاعت علی نے واضح کیا کہ تکنیکی اور حفاظتی ضوابط کے تحت حتمی خلا باز کے نام کا باضابطہ اعلان روانگی سے 24 گھنٹے قبل کیا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’دونوں خلا باز اپنی تربیت مکمل کر چکے ہیں اور دونوں میں سے کوئی بھی خلا میں جا سکتا ہے، البتہ ان میں سے کسی ایک کا حتمی فیصلہ چینی ماہرین کریں گے جس کی بنیاد دونوں خلا بازوں کے آخری ٹیسٹ اور طبی جائزے پر ہوگی۔‘
مشن کی روانگی کے وقت سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ 25 نومبر کو ہی پرواز کے قوی امکانات ہیں تاہم اس کا حتمی اعلان بھی تمام تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔

ذیشان علی چین کے شینژو 23 مشن کے خلا بازوں کے ساتھ ایک ہفتے بعد واپس زمین پر لوٹین گے (فوٹو: ژنہوا)

خلائی سٹیشن پر کون سے تجربات کیے جائیں گے؟
ڈاکٹر شفاعت علی کے مطابق پاکستانی خلا باز خلا میں جا کر تین مختلف شعبوں میں سائنسی تجربات کریں گے جن میں بائیو ٹیکنالوجی، میٹریلز سائنس اور فلوئڈ فزکس کے تجربات شامل ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسی پروگرام کے تحت سپارکو نے پاکستان بھر کی یونیورسٹیوں سے 300 سے زائد سائنسی تجربات کی تجاویز منگوائی تھیں جن میں سے یہ تین تجربات چینی ماہرین کی مدد سے حتمی طور پر منتخب کیے گئے ہیں جو خلائی سٹیشن میں انجام دیے جائیں گے۔
ان تجربات کا مشاہدہ خلائی سٹیشن پر اس لیے کیا جائے گا کیونکہ وہاں کششِ ثقل صفر ہے اور پاکستانی خلا باز ان تجربات کے نتائج لے کر واپس زمین پر آئیں گے۔
ان کے مطابق یہ تجربات خلائی سائنس اور مستقبل کے خلائی مشنز کے لیے مفید ثابت ہوں گے۔
خلا میں قیام کتنا ہوگا اور واپسی کیسے ہوگی؟
ڈاکٹر شفاعت علی نے بتایا کہ شینژو 24 مشن میں شامل چینی خلا باز قریباً چھ ماہ کا وقت خلا میں گزاریں گے تاہم پاکستانی خلا باز ایک ہفتے  کے لیے وہاں جائیں گے اور پھر چین کے شینژو 23 مشن کے ان خلا بازوں کے ساتھ واپس زمین پر لوٹ آئیں گے جو اپنا چھ ماہ کا دورانیہ مکمل کر رہے ہیں۔
اُنہوں نے واضح کیا کہ کہ اس وقت خلا میں موجود دو خلائی سٹیشنز میں سے ایک جو کہ چین کا خلائی سٹیشن ہے، زمین سے قریباً 400 کلومیٹر کی بلندی پر مدار میں گردش کر رہا ہے جہاں پاکستانی خلا باز یہ مشن مکمل کریں گے۔
ڈاکٹر شفاعت علی نے مزید وضاحت کی کہ زمین سے روانگی کے پانچ سے چھ گھنٹے کے اندر خلا باز ’تیانگونگ‘ خلائی سٹیشن پر پہنچ جائیں گے۔
سپارکو کے ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ یہ سپیس سٹیشن زمین کے گرد چکر لگا رہا ہے اور اس کا ایک چکر 90 منٹ میں مکمل ہوتا ہے، اس طرح یہ ایک دن  میں زمین کے گرد 16 چکر لگاتا ہے۔
ڈاکٹر شفاعت علی کے مطابق اس  گردش کے دوران خلائی سٹیشن پر موجود خلا باز ایک دن میں 16 مرتبہ سورج کو طلوع اور غروب ہوتے دیکھتے ہیں۔

چین کے سپیس سٹیشن کے لیے پاکستانی خلا بازوں کا انتخاب کیسے ہوا؟
واضح رہے کہ فروری 2025 میں پاکستان کے خلائی تحقیقاتی ادارے سپارکو اور چین کی انسانی خلائی ایجنسی کے درمیان ایک تاریخی معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت 2026 میں پاکستانی خلا باز نے چینی خلائی سٹیشن پر جانا تھا۔
سپارکو کے مطابق اس پروگرام میں یہ طے پایا تھا کہ چین کی معاونت سے پاکستان کے دو خلا بازوں کو تربیت دی جائے گی اور پھر ان میں سے ایک کو خلائی سٹیشن بھیجا جائے گا۔
انتخاب کے طریقہ کار پر بات کرتے ہوئے سپارکو ڈائریکٹر عالمی معیار کے مطابق خلا بازوں کے انتخاب کا عمل تین مراحل میں مکمل کیا گیا جس کے پہلے مرحلے میں ملک بھر سے 35 امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔
’اس کے بعد ان امیدواروں کو مزید تربیت اور انتخابی عمل کے لیے چین بھیجا گیا، جہاں سے حتمی طور پر دو خلا بازوں کا انتخاب عمل میں آیا۔‘
سپارکو کے مطابق  بعد ازاں ان دونوں خلا بازوں کی باقاعدہ تربیت کا آغاز اپریل 2026 میں ہوا تھا جو اب اپنی تربیت مکمل کر کے اس تاریخی مشن کے لیے اہل قرار پائے ہیں۔
دو خلابازوں میں سے ایک مشن پر کیوں بھیجا جائے گا؟
سپارکو کی جانب سے ملک بھر کے امیدواروں میں سے دو کو پاکستان کا پہلا خلا باز بننے کے لیے چنا گیا تھا تاہم ان دونوں میں سے بھی حتمی طور پر ایک ہی خلا باز محمد ذیشان علی کو خلائی مشن پر بھیجا جا رہا ہے۔
سپارکو کے ڈائریکٹر جنرل (ٹیکنیکل) محمد عثمان صادق کے مطابق ’عالمی سطح پر کسی بھی خلائی مشن کے لیے ایک سے زیادہ خلابازوں کو تربیت دی جاتی ہے کیونکہ اگر ٹریننگ کے دوران یا اُس کے مکمل ہونے کے بعد کوئی ایک خلاباز بیماری یا کسی اور مسئلے کا شکار ہو جائے تو اُس صورت میں مشن کو ملتوی ہونے سے بچانے کے لیے ایک اور مکمل تربیت یافتہ خلاباز دستیاب ہو۔‘

فروری 2025 میں سپارکو اور چین کی انسانی خلائی ایجنسی کے درمیان ایک تاریخی معاہدہ طے پایا تھا (فوٹو؛ اے پی پی)

اُن کا کہنا تھا کہ ’دونوں خلابازوں کو ایک جیسی ٹریننگ دی جاتی ہے تاہم خلائی مشن کی لانچنگ سے قبل مجموعی حالات اور معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک خلاباز کو مشن پر بھیجا جاتا ہے جبکہ دوسرا خلاباز متبادل کے طور پر دستیاب رہتا ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’عمومی طور پر خلائی مشن کے لیے فائٹر پائلٹس کو ترجیح دی جاتی ہے کیوں کہ ایک فائٹر پائلٹ نے پہلے سے اپنا مطلوبہ معیار اور ٹریننگ مکمل کی  ہوتی ہے۔
تاہم اب ٹیکنالوجی کے زیادہ ایڈوانس ہونے سے سائنس، ٹیکنالوجی اور انجینیئرنگ کے شعبے سے ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی ڈگری رکھنے والے عام شہری بھی خلاباز بننے کے اہل سمجھے جاتے ہیں۔‘
دوسری جانب خلائی تحقیق کے ماہر سائنس دان ڈاکٹر قمر السلام سمجھتے ہیں کہ ’چین مختلف عالمی ممالک کی طرح پاکستان کو بھی اپنے خلاباز چین کے سپیس سٹیشن بھیجنے کا موقع فراہم کر رہا ہے جہاں مختلف قسم کے تجربات کیے جاتے ہیں۔ اسی مقصد کے پیش نظر پاکستان سے ایک خلاباز بھی چین کے مشن کے ساتھ روانہ ہو گا۔‘
اُنہوں نے اس سوال کے جواب میں کہ فائٹر پائلٹس کو خلاباز بننے میں ترجیح کیوں دی جاتی ہے کہ جواب میں بتایا کہ ’فائٹر پائلٹس کی ٹریننگ، فٹنس اور ماحول کے ساتھ ایڈجسمنٹ کی صلاحیت ایک عام امیدوار سے کئی گنا زیادہ ہوتی ہے۔ اسی وجہ سے دنیا بھر میں فائٹر پائلٹس کو خلائی مشن پر بھیجنے کے حوالے سے ترجیح دی جاتی ہے۔‘

شیئر: