Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راجن پور: پولیس سب انسپکٹر قتل کے مقدمے میں دوران تفتیش پھل فروش کیوں بنے؟ 

مقدمہ عبدالحمید نامی شخص کی موت سے متعلق تھا جس کے سر پر اینٹ لگنے سے وہ زخمی ہوا (فائل فوٹو: پکسابے)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع راجن پور کے شہر جام پور میں ایک شخص آم اور سیب کی ریڑھی لیے گلیوں میں گھوم رہا تھا۔ سر پر پگڑی، بدن پر نیلا چولا اور لنگی تھی اور وہ عام فروٹ فروشوں کی طرح آوازیں لگا کر پھل فروخت کر رہا تھا لیکن وہ عام ریڑھی والا نہیں تھا۔
اس کا مقصد پھل بیچنا نہیں بلکہ ایک ایسے قتل کی گتھی سلجھانا تھا جس میں ایک شخص کو نامزد کیا جا چکا تھا لیکن تفتیشی افسر کو شبہ تھا کہ شاید اصل قاتل کوئی اور ہے۔ یہ شخص تھانہ صدر جام پور کے سب انسپکٹر عبدالحق انجم تھے۔
عبدالحق انجم اس مقدمے کے تفتیشی افسر تھے اور وہ یہ جاننا چاہتے تھے کہ واقعے کے وقت وہاں موجود لوگوں نے اصل میں کیا دیکھا تھا۔
انہوں نے اس حوالے سے اردو نیوز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’میں نے سوچا کہ اگر میں پولیس افسر بن کر لوگوں سے پوچھوں گا تو شاید وہ اصل بات نہ کریں، اس لیے میں نے عام آدمی بن کر وہاں جانے کا فیصلہ کیا۔‘

مقدمہ کیا تھا؟

یہ مقدمہ عبدالحمید نامی شخص کی موت سے متعلق تھا جو سر پر اینٹ لگنے سے وہ زخمی ہوا اور چند روز بعد اس کی موت ہو گئی۔ عبدالحق انجم کے مطابق 12 جولائی 2026 کو حمید کے سر پر چوٹ لگی۔ اس کے اہل خانہ اسے پولیس کو اطلاع دیے بغیر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال لے گئے۔
وہاں اس کے ماموں صادق نے پولیس کو بتایا کہ ’دو بھائیوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا اور وہ کسی قسم کی کارروائی نہیں چاہتے۔ ان کے بقول ’اس وقت کسی نے کسی کا نام نہیں لیا تھا، صرف یہ بتایا گیا کہ دو بھائیوں کا جھگڑا ہوا ہے اور ہم کارروائی نہیں چاہتے۔‘
ان کے مطابق اسی شام حمید کو مزید علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا جہاں 15 جولائی کو اس کی موت واقع ہو گئی۔
اس کے بعد لاش گاؤں پہنچائی گئی اور نماز جنازہ کا اعلان ہوا تھا۔
پولیس کے مطابق ’اسی دوران وہاں موجود لوگوں کی گفتگو سے یہ بات سامنے آئی کہ معاملہ بھائیوں کے درمیان جھگڑے کا نتیجہ تھا۔‘
پولیس موقع پر پہنچی تو اہل خانہ نے پوسٹ مارٹم اور کسی قسم کی کارروائی سے انکار کیا تاہم پولیس افسران نے انہیں سمجھایا کہ قتل کے حالات کے پیش نظر قانونی کارروائی ضروری ہے۔
عبدالحق انجم اس حوالے سے بتاتے ہیں ’ہم نے انہیں سمجھایا کہ یہ معمول کا واقعہ نہیں ہے۔ سر پر چوٹ لگی ہے اور بعد میں موت ہوئی ہے، اس لیے قانونی کارروائی کرنا ضروری ہے۔ منت سماجت کے بعد مقتول کی والدہ کا ابتدائی بیان ریکارڈ کیا جس کی بنیاد پر ارشد نامی شخص کو مقدمے میں نامزد کیا گیا لیکن تفتیشی افسر کے ذہن میں یہ نام سوال بن کر رہ گیا کہ 12 تاریخ کو وقوعہ ہوا، 15 تاریخ کو موت ہوئی لیکن اس دوران کسی نے ارشد کا نام نہیں لیا۔ اچانک جب لاش گاؤں آئی تو ارشد کا نام سامنے آ گیا۔‘
سب انسپکٹر عبدالحق انجم کے بقول ’مجھے لگا کہ اس وقوعے میں کوئی جھول ہے۔‘

جب سب انسپکٹر پھل فروش بنے

ان کے مطابق پولیس سروس میں کئی برس گزارنے کے بعد وہ اس معاملے باریک بینی سے دیکھنا چاہتے تھے۔
’میری سروس کافی ہو چکی ہے، ابھی تقریباً پانچ سال باقی ہیں۔ میں نے سوچا کہ سروس کے آخر میں آ کر کسی بے گناہ کو سزا نہیں دلوا سکتا۔ مجھے یہ معلوم کرنا تھا کہ اصل قاتل کون ہے۔‘
یہی سوال انہیں روایتی تفتیش سے ہٹ کر سوچنے پر مجبور کر گیا۔ عبدالحق انجم نے جام پور میں ایک پھل فروش کو دیکھا جو ریڑھی پر آم، سیب اور دوسرے پھل فروخت کرتا تھا۔ اس حوالے سے وہ بتاتے ہیں ’میں نے اسے کہا کہ آپ کو یہاں دیکھتا ہوں، میرے ساتھ چلیں۔ پھر میں نے اس کا حلیہ اختیار کیا۔ پگڑی پہنی، نیلا چولا اور لنگی پہنی اور ریڑھی لے کر نکل پڑا۔ اتوار کا دن تھا۔ میں نے سوچا چھٹی ہے، آج جا کر حقائق جان لیتا ہوں۔ میں نعرے لگاتا ہوا فروٹ بیچتا گیا اور لوگوں کے ساتھ گھل مل گیا۔‘

پولیس ترجمان راجن پور کے مطابق حنیف 16 نومبر کو ایڈیشنل سیشن جج جام پور کی عدالت میں پیش ہوئے اور ضمانت حاصل کر لی (فائل فوٹو: پکسابے)

وہ کسی سے پھل خریدنے یا بیچنے کی بات کرتے ہوئے قتل کا ذکر چھیڑ دیتے، کسی سے کہتے کہ سنا ہے یہاں کوئی قتل ہوا تھا اور کبھی یہ تاثر دیتے کہ مقتول کو اس کے بھائی نے مارا ہے۔ کبھی وہ نامزد ملزم کے مقتول کی اہلیہ سے مبینہ تعلقات کا ذکر بھی کرتے تاکہ لوگوں کا ردعمل دیکھ سکیں۔
ان کے مطابق اصل مقصد ان لوگوں تک پہنچنا تھا جو وقوعے کے وقت وہاں موجود تھے۔ اس تجربے سے متعلق یہ بتاتے ہیں ’میرا خیال تھا کہ وقوعے کے وقت وہاں جو لوگ تھے، بس وہ مل جائیں تو کیس آسان ہو جائے گا کیونکہ پہلے تو کوئی کارروائی نہیں چاہتا تھا اور پھر اچانک ارشد کا نام آ گیا تھا۔ مجھے شک تھا کہ یہ شخص قاتل نہیں ہو سکتا۔‘
اس تجربے کی بنیاد پر سب انسپکٹر عبدالحق انجم اصل ملزم تک پہنچ گئے جس کے بعد اصل ملزم کو گرفتار بھی کیا گیا اور تمام بیانات بھی ریکارڈ ہوئے۔

اصل واقعہ کیا تھا؟

تفتیش کے دوران پولیس کے مطابق ایک مختلف کہانی سامنے آئی۔ ’عبدالحمید اور محمد حنیف دو بھائی تھے اور حنیف کے اپنی بھابھی یعنی حمید کی اہلیہ سے تعلقات اچھے نہیں تھے۔‘
تفتیشی افسر کے مطابق ’واقعے کے روز حنیف کے گھر کا ڈش انٹینا خراب تھا۔ اس نے ارشد کے کزن عزیر سے کہا کہ وہ آ کر ڈش انٹینا ٹھیک کر دے۔ عزیر کے لیے حنیف کے گھر جانے کا راستہ حمید کے گھر سے ہو کر گزرتا تھا۔‘
پولیس کے مطابق ’جب عزیر اس راستے سے جانے لگا تو حمید کی اہلیہ نے اسے روک دیا اور کہا کہ وہ حنیف کے گھر اس راستے سے نہ جائے۔ عزیر واپس گلی میں آیا اور حنیف کو بتایا کہ اسے راستے میں روک دیا گیا ہے۔‘
عبدالحق انجم کے مطابق اس کے بعد حنیف اور اس کی بھابھی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ ’حنیف کی اپنی بھابھی سے نہیں بنتی تھی۔ حمید کی اہلیہ بعد میں عزیر کے گھر چلی گئی اور وہاں کہا کہ عزیر ان کے گھر نہ بھیجا کریں۔ حمید بھی اپنی اہلیہ کے پیچھے وہاں پہنچا جبکہ حنیف بھی ان کے پیچھے چلا گیا۔ جب وہ وہاں گلی میں پہنچے تو دونوں بھائی دست و گریباں ہوئے۔ وہاں دو اشخاص کھڑے تھے جنہوں نے انہیں جھگڑنے سے منع کیا۔‘
عبدالحق انجم کے مطابق ’اس موقع پر ارشد وہاں موجود نہیں تھا۔ دونوں بھائی بعد میں وہاں سے چلے گئے لیکن کچھ دیر بعد ایک بار پھر ان کا سامنا ہوا۔‘
پولیس کے مطابق ’دوسری مرتبہ جب دونوں کا سامنا ہوا تو حنیف اور اس کی بھابھی کے درمیان دوبارہ تلخ کلامی ہوئی اور گالم گلوچ بھی ہوئی۔‘
عبدالحق انجم کے مطابق ’اسی دوران حمید نے پتھر مارنے کی کوشش کی جبکہ حنیف نے جواب میں اینٹ اٹھا کر ماری جس سے وہ زخمی ہوگئے اور بعد میں ان کی موت واقع ہوئی۔‘
یہ جھگڑا ارشد کے گھر کے سامنے ہوا تھا اور ارشد حمید کی اہلیہ کا ہونے والا بہنوئی بھی تھا۔ تفتیشی افسر کے مطابق وہاں موجود چشم دید گواہوں کے بیانات میں ارشد کی موجودگی ثابت نہیں ہوئی۔ پولیس نے بعد میں حنیف کو گرفتار کیا اور اس کا ریمانڈ بھی لیا۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع راجن پور کے شہر جام پور میں ایک شخص آم اور سیب کی ریڑھی لیے گلیوں میں گھوم رہا تھا (فائل فوٹو: پکسابے)

پولیس کے مطابق ’مقتول کی اہلیہ نے بھی بعد میں حنیف کے خلاف بیان حلفی دیا۔ دوسری جانب تفتیشی افسر نے ان افراد کے بیانات ریکارڈ کیے جو جھگڑے کے مختلف مراحل میں وہاں موجود تھے۔ ان بیانات کی بنیاد پر پولیس نے ارشد کے خلاف کارروائی ختم کرنے اور حنیف کو اصل ملزم قرار دینے کی سفارش کی۔‘
عبدالحق انجم کے مطابق سوال یہ بھی تھا کہ ارشد کا نام مقدمے میں آیا کیسے؟ اس حوالے سے ان کا کہنا ہے ’مقامی سطح پر ارشد اور اس کے والد کے ایک شخص سے اختلافات بھی تھے۔ اسی شخص نے مقتول کے اہل خانہ کے ذہن میں ارشد کے خلاف شک پیدا کیا اور یہ تاثر دیا کہ ارشد کے مقتول کی اہلیہ سے تعلقات تھے۔ اسی نے ورثا کے ذہن میں یہ بات ڈالی کہ ارشد کے خلاف پرچہ کرائیں۔‘
تاہم تفتیش و تحقیق مکمل ہونے کے بعد پولیس نے ارشد کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے ڈسچارج رپورٹ پیش کی جبکہ حنیف کے خلاف کارروائی آگے بڑھائی گئی۔ عبدالحق انجم کے مطابق ان کی تفتیش اور رپورٹ کا متعلقہ افسران نے بھی جائزہ لیا۔ ’میرے تمام افسران نے میری تفتیش پڑھی، انکوائری کی اور اسے درست قرار دیا۔ ڈی ایس پی فاروق احمد جام پور اور ایس پی انویسٹی گیشن راجن پور سید خالد شاہ نے بھی مجھے سراہا۔‘
پولیس ترجمان راجن پور کے مطابق حنیف 16 نومبر کو ایڈیشنل سیشن جج جام پور کی عدالت میں پیش ہوئے اور ضمانت حاصل کر لی۔ عبدالحق انجم کے مطابق مقتول کی والدہ نے عدالت میں راضی نامہ پیش کیا تھا اور اسی بنیاد پر ضمانت منظور ہوئی۔
عبدالحق انجم کے لیے اس تفتیش کا سب سے غیر معمولی حصہ وہ اتوار تھا جب انہوں نے وردی کی بجائے پگڑی، چولا اور لنگی پہن کر ریڑھی سنبھالی۔
ان کے مطابق وہ کئی گھنٹے لوگوں کے درمیان گھومتے رہے، پھل فروخت کرنے والے ایک عام شخص کے طور پر گفتگو کرتے رہے اور انہی باتوں سے واقعے کی کڑیاں جوڑنے کی کوشش کرتے رہے۔
’میرا مقصد صرف یہ تھا کہ اندر سے کوئی سچ اگل دے، اصل واقعہ معلوم ہو اور اصل ملزم سامنے آئے۔ میں نے مقامی لوگوں سے بالکل فروٹ والے کی طرح باتیں کیں اور فروٹ بیچتا رہا۔‘ بعد میں انہوں نے اس تجربے کی یاد میں اپنی ویڈیو بھی بنائی۔
ان کے مطابق ایک دوست نے پوچھا کہ وہ کہاں گئے تھے؟ جب انہوں نے اسے بتایا کہ ایک قتل کے مقدمے کی تفتیش کے سلسلے میں فروٹ فروش کا روپ دھار کر گئے تھے اور ویڈیو دکھائی تو دوست نے وہ ویڈیو اپنے وٹس ایپ پر بھیج دی۔ وہاں سے ویڈیو آگے پھیلتی چلی گئی۔

شیئر: