Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہباز شریف وطن واپس پہنچ رہے ہیں: مسلم لیگ ن

شہباز شریف 19 نومبر 2019 کو لندن لے کر گئے تھے۔ فوتو: اے ایف پی
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کورونا وائرس کے باعث ملک کی ہنگامی صورت حال کے پیش نظر فوری طور پر وطن واپس آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
مسلم لیگ ن کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عطا تارڑ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق  'موجودہ ملکی حالات کو دیکھتے ہوئے اپنے بھائی کی علالت کے باوجود پاکستان اور اپنی عوام کی خاطر صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف صاحب نے وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔ میرا شہباز شریف سے ٹیلی فون پر رابطہ ہو اور انھوں نے واپسی کے فیصلے سے آگاہ کیا ہے۔ 
دوسری جانب مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا ہے کہ شہباز شریف سنیچر کی رات لندن سے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ 

 

ان کے مطابق 'شہباز شریف کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے جاری کوششوں میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ اگلے ہفتے نواز شریف کی سرجری کے باوجود شہباز شریف نے مشکل وقت میں اپنے عوام کے درمیان موجود ہونا ضروری سمجھا ہے۔ 
پاکستان کی جانب سے اپنے فضائی آپریشنز آئندہ دو ہفتوں کے لیے معطل کیے جا چکے ہیں۔  جس کے باعث  سنیچر کی شام 8 بجے سے تمام بین الاقوامی پروازیں معطل رہیں گی۔
ن لیگی رہنماؤں کے مطابق شہباز شریف لندن سے روانہ ہونے والی پی آئی اے کی آخری پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ 
شہباز شریف 19 نومبر 2019 کو نواز شریف کو علاج کے لیے لندن لے کر گئے تھے۔ اس دوران نواز شریف کی مدت ضمانت بھی ختم ہوئی اور پنجاب حکومت کی جانب سے ان کی ضمانت میں توسیع نہ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا۔ 
نواز شریف کو شہباز شریف کی ضمانت پر لاہور اور اسلام آباد ہائی کورٹ نے ضمانت پر مشروط رہائی دی تھی۔

فواد چوہدری کی جانب سے شہباز شریف کی واپسی کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

مسلم لیگ ن کی جانب سے شہباز شریف کی واپسی کے بیان کو وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
انھوں نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ 'جوں ہی شہباز شریف صاحب کو بتایا گیا کہ پاکستان کے لیے فلائیٹ آپریشن بند کر دیا گیا ہے، انھوں نے فوراً مریم اورنگزیب کو وطن واپسی کا بیان داغنے کا کہہ دیا۔'

شیئر: