Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے مریض کے ساتھ سیلفی لینے پر چھ اہلکار معطل

ملازمین نے ایران سے آئے ایک مریض کے ساتھ سلیفی سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی (فوٹو: سوشل میڈیا)
حکومت سندھ نے کورونا وائرس کے مریض کے ساتھ سلیفی لینے کی پاداش میں صوبائی ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے چھ اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر خیرپور میرس محمد ندیم سندھو کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے سٹاف نے ایران سے آئے کورونا وائرس کا شکار کوٹ ڈیجی کے رہائشی مریض کے ساتھ سیلفی بنوائی جس کی پاداش میں انہیں تا حکم ثانی معطل کر دیا گیا ہے۔
ندیم سندھو کا کہنا تھا کورونا وائرس کے مریض کے ساتھ سیلفی لینے کا واقعہ سوشل میڈیا کے ذریعے ان کے علم میں آیا جس کے بعد ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ جن چھ افراد کو معطل کیا گیا وہ تمام خیرپور میرس کے مختلف تعلقہ میں منشی کے عہدے پہ تعینات تھے۔
ڈی سی خیرپور میرس نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کو بھی تاکید کی کہ وہ ان تمام افراد کو 14 دن تک قرنطینہ میں رکھیں اور اس حوالے سے دیگر ضروری اقدامات کریں، ساتھ ہی اسسٹنٹ کمشنر کو اس معاملے میں تعاون کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
سکھر کے قرنطینہ کیمپ میں ٹھہرائے گئے مریض کے ساتھ لی گئی سیلفی سوشل میڈیا پہ وائرل ہوئی تھی اور اس کی وجہ سے حکومتی اقدامات اور عوامی رویوں دونوں پہ سوال اٹھائے گئے تھے جس کے بعد حکومت نے سیلفی بنوانے والوں کے خلاف ایکشن لیا۔

شیئر: