Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا تلنگانہ اگلے ہفتے کورونا سے پاک ہو جائے گا؟

کورونا کے باعث تازہ ہلاکتیں مہاراشٹر اور مغربی بنگال میں ہوئی ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد اگرچہ سات لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے، لیکن دنیا کی دوسری سب سے بڑی آبادی والے ملک انڈیا میں ابھی تک 1168 کیسز ہی سامنے آئے ہیں، جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 31 ہو چکی ہے۔
تازہ ہلاکتیں مغربی ریاست مہاراشٹر اور مشرقی ریاست مغربی بنگال  میں سامنے آئی ہیں۔
دریں اثنا ریاست تلنگانہ کے وزیراعلیٰ چندر شیکھر راؤ نے اتوار کو حیدرآباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ تلنگانہ 7 اپریل تک کورونا وائرس سے پاک ہو جائے گا۔‘
انڈین خبررساں ادارے اے این آئی کے مطابق انھوں نے کہا کہ ’تمام ضروری جانچ ہو رہی ہے اور مریضوں کو ضروری تفتیش کے بعد ہسپتال سے چھٹی دی جا رہی ہے۔ 58 لوگوں کا علاج ہو رہا ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’25 ہزار 937 افراد جو بیرون ممالک سے آئے تھے وہ حکومت کی نگرانی میں ہیں۔ ان لوگوں کے قرنطینہ میں رہنے کی مدت سات اپریل کو مکمل ہو رہی ہے۔‘
حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق ریاست میں کورونا کے 70 کیسز تھے جن میں سے 11 صحت یاب ہو چکے ہیں اور باقیوں کو پیر کے روز رخصت دی جانی ہے۔

انڈیا میں اکیس دنوں کے لیے لاک ڈاؤن جاری ہے۔ فوٹو اے ایف پی

دوسری جانب دہلی کے وزیراعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے دوسری ریاستوں سے آنے والے مزدوروں اور ملازمین سے کہا ہے کہ وہ دہلی نہ چھوڑیں، 21 دنوں کے لاک ڈاؤن کے دوران جو جہاں ہے وہیں رہے۔
انھوں نے ٹوئٹر پر کہا کہ 'دہلی حکومت نے ان کے لیے کھانے اور رہنے کا مناسب انتظام کر رکھا ہے۔'
گذشتہ دنوں دہلی کے معروف بس اڈے آنند وہار ٹرمینل پر ریاست جھارکھنڈ، بہار اور اترپردیش کے مزدور اپنے وطن جانے کے لیے جمع ہو گئے تھے جس سے افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا تھا۔
دریں اثنا انڈیا میں لاک ڈاؤن کے تعلق سے افواہوں کا بازار گرم ہے اور یہ کہا جا رہا ہے کہ لاک ڈاؤن 21 دنوں کے بعد بھی جاری رہے گا۔
ان افواہوں کے پیش نظر حکومت  کے چیف سیکریٹری نے واضح کیا ہے کہ حکومت کا فی الحال ایسا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
 

شیئر: