Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا سے مزید تین ہلاکتیں، ملک میں 18 سو سے زائد کیسز

سندھ میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد آٹھ ہوگئی ہے فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں منگل کو کورونا وائرس سے متاثرہ مزید تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں سے ایک مریضہ کا تعلق اسلام آباد جبکہ دو مریضوں کا تعلق کراچی سے تھا۔ 
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے ایک نجی ہسپتال میں 70 سالہ خاتون انتقال کر گئی ہیں جن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
 
اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ضعیم ضیا نے اردو نیوز کے نامہ نگار وسیم عباسی کو بتایا کہ مریضہ کو دوسرے عارضے کی وجہ سے نجی ہسپتال لایا گیا تھا تاہم ان کا کورونا کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بظاہر بزرگ خاتون کی موت کی وجہ پیشاب کا انفیکشن تھا۔
پاکستان میں کورونا کے متاثرہ افراد کی تعداد 18 سو سے بڑھ گئی ہے جبکہ ملک میں کل 27 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔
پنجاب پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق صوبے میں وائرس کے شکار مریضوں کی تعداد 658 ہے۔
دوسری جانب وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے سندھ میں کورونا سے متاثرہ مزید دو مریضوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
70 سالہ مریض کراچی کا رہائشی تھا اور اسے گذشتہ روز ہسپتال لایا گیا تھا جہاں اس کا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا۔ مریض کو کئی دیگر بیماریاں بھی لاحق تھیں۔ 

اسلام آباد کے ایک نجی ہسپتال میں 70 سالہ خاتون انتقال کر گئی ہیں جن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا (فوٹو:اے ایف پی)

دوسرا مریض جس کی عمر 74 سال تھی، کراچی کا رہائشی تھا جسے 26 مارچ کو ہسپتال لایا گیا تھا جہاں اس میں کورونا کی تصدیق ہوئی تھی۔ مذکورہ مریض شوگر اور سانس کی بیماری میں مبتلا تھا۔ 
ان اموات کے بعد صوبہ سندھ میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد آٹھ ہوگئی ہے۔ 
وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ سندھ  میں کورونا متاثرین کی تعداد 676  ہے اور اس وقت 627 افراد زیر علاج ہیں۔
وزیر صحت کے مطابق اب تک 41 کورونا  متاثرین صحتیاب ہو چکے ہیں، کراچی میں اس وقت 274 کرونا متاثرین زیر علاج ہیں۔
حیدرآباد میں متاثر ہونے والوں کی تعداد 128 ہے جس میں 94 کیسز کا تعلق تبلیغی جماعت سے ہے۔ جیکب آباد سے ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
سکھر قرنطینہ میں 265 افراد کا ٹیسٹ مثبت ہے، جبکہ 23 صحت یاب ہو چکے ہیں، لاڑکانہ قرنطینہ میں رکھے زائرین میں سے 7 کیسز مثبت اور 76 منفی ہیں۔ 
سندھ بھر میں 6 ہزار 578 کورونا کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، اب تک 8 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو کر ہلاک ہوچکے ہیں۔
وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ 'کورونا متاثرین کو صحت اصولوں کے پیش نظر آئیسولیشن اور قرنطینہ تک محدود رکھ کر علاج کی سہولیات دی جارہی ہیں۔'

بلوچستان حکومت کے ترجمان کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 154 ہو گئی ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)

ادھر پنجاب میں کورونا وائرس کے کنفرم مریضوں کی تعداد 676 ہوگئی ہے۔
ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ڈی جی خان سے207 زائرین، ملتان سے 89 زائرین، رائے ونڈ کورنٹین میں 27 اور فیصل آباد کورنٹین میں 5 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
لاہور میں کورونا کے 144، قصور میں 1، ننکانہ صاحب 13، راولپنڈی 44، جہلم میں 28 اور اٹک میں ایک مریض ہے۔ 
ترجمان کے مطابق گوجرانوالہ میں 12، گجرات 62، منڈی بہاوالدین 4، حافظ آباد 5 اور ناروال میں ایک مریض میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔
سرگودھا میں کورونا وائرس کے 2، میانوالی 3، خوشاب 1، ملتان 2، وہاڑی 2، فیصل آباد 9 اور رحیم یار خان میں 3 مریض ہیں۔ 
ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق  بہاولنگر اور بہاولپور میں ایک ایک،، لودھراں لیہ میں بھی ایک ایک جبکہ ڈی جی خان میں کورونا کے 5 مریض ہیں۔  
پنجاب میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 9 ہو گئی ہے جبکہ 5 مریض صحت یاب ہو کر ڈسچارج ہوئے۔ 

لاہور میں کورونا کے 144، قصور میں 1، ننکانہ صاحب 13، راولپنڈی 44، جہلم میں 28 اور اٹک میں ایک مریض ہے (فوٹو:اے ایف پی)

دوسری جانب بلوچستان میں 1854 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 158 میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
چیف سیکرٹری بلوچستان فضیل اصغر نے منگل کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ  158 افراد میں 20 افراد لوکل ٹرانسمیشن ہے۔ اب تک کوروناوائرس کے 19 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ 
انہوں نے مزید بتایا کہ کوروناوائرس کے 139 مریض تاحال زیر علاج ہے، جنکی حالت خطرے سے باہر ہے، مریضوں میں ایک خاتون کی حالت تشویشناک ہے جسے مرض قلب بھی لاحق ہے۔
گلگت بلتستان میں بھی مزید 12 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 178 ہوگئی ہے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: