Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سندھ میں 5، پنجاب میں 8 بجے دکانیں بند

پنجاب میں مال بردار گاڑیوں کو نقل و حمل کی اجازت ہوگی (فوٹو: اے ایف پی)
صوبہ سندھ میں تمام کاروبار شام پانچ بجے جبکہ پنجاب میں رات آٹھ بجے بند کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ احکامات کا اطلاق 28 مارچ سے ہوگا اور کسی کو خلاف ورزی کی اجازت نہیں ہوگی۔
جمعے کے روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق صوبہ بھر میں گروسری سٹورز،جنرل سٹورز اور کریانہ کی دکانیں  صبح آٹھ بجے سے رات آٹھ بجے تک کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مال بردار گاڑیوں کو نقل و حمل کی اجازت ہوگی جبکہ مسافر بردار گاڑیوں پر پابندی برقرار رہے گی-
سندھ حکومت نے صوبہ بھر میں لاک ڈاؤن کے اوقات میں مزید 3 گھنٹے سختی کا فیصلہ کیا ہے، نئے ہدایت نامے کے مطابق 28 مارچ سے تمام کاروبار صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک کھولنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ 
انسپکٹر جنرل پولیس سندھ مشتاق مہر کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاک ڈاؤن میں مزید سختی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
آئی جی سندھ کی جانب سے جاری کردہ ہداہت نامے میں مزید بتایا گیا ہے کہ جانوروں، مچھلیوں، پرندوں اور ان کی خوراک کی دکانیں دن 12 سے 2 بجے تک کھولی جا سکیں گی۔
 اس سے قبل سندھ حکومت نے صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک کاروبار کھولنے کی اجازت دی تھی تاہم رات 8 بجے کے بعد صرف ان میڈیکل سٹورز کو کھولنے کی اجازت تھی جو ہسپتال کے قریب واقع ہیں۔ سندھ حکومت بارہا عوام سے اپیل کر چکی ہے کہ لوگ از خود گھروں میں رہیں ورنہ کرفیو بھی نافذ کیا جا سکتا ہے۔

آئی جی سندھ کے مطابق کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے سختی کی گئی یے (فوٹو: اے ایف پی)

ایدھی کی عوام سے تعاون کی اپیل
ایدھی فاؤنڈیشن عوام سے ایپل کی ہے کہ کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے کی میت وائرس کے مزید پھیلاؤ کا سبب بنتی ہے لہٰذا میت کو مخصوص (احتیاطی تدابیر) طریقے سے دفنایا جائے۔
 ’عوام سے گزارش ہے کہ کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی میت کو ہسپتال سے گھر شفٹ کرنے، غسل خانے اور سردخانوں میں رکھنے پر اصرار نہ کریں ورنہ صورت حال انتہائی خطرناک ہو سکتی ہے۔‘

شیئر: