کورونا مثبت آنے پر تقدیر کے لکھے پر راضی ہو گیا(فوٹو،پکسابے)
وبائی مرض کورونا سے صحت یاب ہونے والے سعودی احمد الخواجی کا کہنا ہے کہ ’کووڈ 19 کا شکارہونے کے بعد قرنطینہ میں 14 دن مطالعے اورانٹرنیٹ سرفینگ میں گزارے، حکومت کا شکر گزار ہوں جنہوں نے کسی چیز کی کمی کا احساس تک نہیں ہونے دیا‘۔
الخواجی نے سعودی روزنامے ’عکاظ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بیماری اور صحتیابی کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے مزید کہا’بیرون ملک سے واپس آنے پر مجھے بخار محسوس ہوا جس پر وزارت صحت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے خود کو گھرکے کمرے تک محدود کردیا ،۔
’دوسرے دن بخارکم ہونے کے بجائے مزید تیز ہوگیا ساتھ ہی جسم اور سر میں بھی شدید درد رہنے لگا۔ تیسرے دن بھی یہی حالت رہی تو فیصلہ کیا کہ سرکاری ہسپتال جایا جائے‘
’صبیا کمشنری کے جنرل ہسپتال میں میرا ٹیسٹ کیا گیا جس سے ثابت ہوگیا کہ مجھے بھی کووڈ 19 کا وائرس لگ چکا ہے۔ ہسپتال انتظامیہ نے فوری طور پر ہلال الاحمر کے مخصوص کورونا یونٹ سے رابطہ کیا جہاں سے ایمبولینس کے ذریعے تمام حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے مجھے بیش جنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیا‘۔
الخواجی نے مزید کہا ’ ہسپتال میں مجھے ایک الگ کمرے میں منتقل کر دیا گیا جہاں تمام سہولیات موجود تھیں۔ میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا مگرتقدیر پر شاکر تھا کیونکہ موت کا ایک دن مقرر ہے اور وہ اس سے نہ ایک لمحہ پہلے آئے گی اور نہ ہی بعد اپنے رب کی رضا میں راضی تھا۔ ہسپتال کا عملہ ہر چیز مہیا کردیتا تھا اخبارات کا روزانہ مطالعہ میرا معمول تھا۔ موبائل فون کے ذریعے گھروالوں اور دوستوں سے مسلسلہ رابطہ تھا کسی چیز کی کمی کا سامنا نہیں کرنا پڑا‘۔
’ہسپتال میں دوہفتے گزارنے کے بعد جب میرا فائنل ٹیسٹ کیا گیا تو اس میں’کووڈ 19‘ کا کوئی جراثیم نہیں پایا گیا جس پر مجھے قرنطینہ سے رخصت کر دیاگیا ‘۔