Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قرنطینہ میں دو ہفتے گزارنے کے بعد چار سو افراد اپنے شہروں کوروانہ

جدہ ائیر پورٹ سے خصوصی پروازوں کے ذریعے مسافروں کوروانہ کیاگیا(فوٹو،العربیہ)
ایسے ممالک سے آنے والے 400 سعودی شہری جہاں کورونا نے وبائی صورت اختیار کی تھی جدہ کے قرنطینہ میں دوہفتے قیام کے بعد اپنے شہروں کو روانہ ہو گئے ہیں۔
مذکورہ افراد کو وزارت صحت کی نگرانی میں قائم کیے گئے ’قرنطینہ‘ اور’ آئسولیشن سینٹرز‘ میں رکھا گیا تھا تاکہ اس امر کی یقین دہانی کی جاسکے کہ ان میں کوئی وائرس کا کیرئیر تو نہیں۔
العربیہ نیوز کی جانب سے جاری کی گئی وڈیو میں جدہ ایئر پورٹ پر ان افراد کو دکھا گیا جس میں وہ اپنے شہروں کو لوٹنے کےلیے بورڈنگ پاس حاصل کر رہے تھے۔

تمام مسافروں کا ’کووڈ19‘ ٹیسٹ کیا گیا(فوٹو، سوشل میڈیا)

مذکورہ افراد کوجدہ سے سعودیہ ایئر کی خصوصی پروازوں کے ذریعے ریاض اور دمام پہنچا دیا گیا۔ وزارت صحت کی جانب سے ’کورنٹائن‘ کیے جانے والے تمام 400 افراد کا ’کورونا وائرس ‘ ٹیسٹ کیا گیا۔ ٹیسٹ مکمل طور پر منفی آنے کے بعد انہیں انکے شہروں میں جانے کی خصوصی اجازت فراہم کی گئی۔
واضح رہے سعودی وزارت صحت کی جانب سے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کر تے ہوئے بیرون مملکت اور خاص کران ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے جہاں کورونا نے وبائی صورت اختیار کی ہوئی تھی جدہ اور دیگر شہروں میں آئسولیشن سینٹرز کے علاوہ ’مشکوک ‘ حالات کے حامل افراد کےلیے ’قرنطینہ‘ قائم کیے ہیں جہاں ان افراد کو دوہفتے رکھا جاتا اور انکا یومیہ بنیاد پر طبی معائنہ بھی کیا جاتا ہے۔
مذکورہ 400 افراد دوہفتے قرنطینہ اور ائسولیشن سینٹر میں گزارنے کے بعد مکمل صحت مند قرارد یے گئے جس پر انہیں اپنے گھروں میں جانے کی اجازت دی گئی ساتھ ہی خصوصی پروازوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے مملکت میں کورونا وائرس کے پھیلاو کوروکنے کےلیے خصوصی انتظامات کا سلسلہ جاری ہے تاکہ جلد از جلد اس وبا پر قابو پایا جاسکے۔ اس ضمن میں وزارت کی جانب سے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہدایات کی جارہی ہیں کہ گھروں میں رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر وزارت صحت کے ٹول فری نمبر937 پر رابطہ کریں۔

شیئر: