Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے نقصانات سے بچاؤ،سماجی فنڈ قائم

فنڈ سے معاشرے کے افراد کی ضروریات پوری کی جائیں گی- فوٹو واس
سعودی وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود احمد الراجحی نے کورونا کی وبا کے نقصانات سے معاشرے کو بچانے کے لیے 500 ملین ریال سے سماجی فنڈ قائم کیا ہے-
 وزارت افرادی قوت’ محکمہ اوقاف ’صحت وقف فنڈ‘ نجی اداروں کی کونسل’ عوامی انجمنوں کی کونسل، کمپنیوں اور عطیات پیش کرنے والے اداروں کے اشتراک سے سرمایہ مہیا کیا جائے گا-
عاجل ویب سائٹ کے مطابق کورونا بحران کے حوالے سے معاشرے کی ذمہ داری کے احساس کے جذبےسے فنڈ قائم کیا گیا ہے- ان دنوں سعودی عرب سمیت پوری دنیا کورونا کی وبا سے نبرد آزما ہے-

الراجحی کے مطابق فنڈ سے بنیادی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے-فوٹو عاجل

الراجحی کے مطابق اس فنڈ سے معاشرے کے افراد کی ضروریات پوری کی جائیں گی- بنیادی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے- وبا سے بہت زیادہ متاثر ہونے والوں اور انتہائی ضرورت مند طبقوں کےلیے سکیمیں شروع کی جائیں گی-
خصوصا ناداروں، بیواؤں، مطلقہ خواتین، قیدیوں کے خاندانوں، بوڑھوں، معمولی درجے کے ہنرمندوں کی مدد کی جائے گی- متاثرہ کارکنان کا تعاون کیا جائے گا- محتاج طلبہ کی اعانت کی جائے گی-
عمرہ و زیارت پر آکر سعودی عرب پھنس جانے والوں کا تعاون کیاجائے گا- سماجی فنڈ سے تعلیمی، سماجی اور امدادی خدمات انجام دی جائیں گی- صحت آگہی کا کام لیا جائے گا- بے گھر افراد کی رہائش کا بندوبست کیا جائے مساجد خصوصا مسجد الحرام اورمسجد نبوی کی ضروریات پوری کی جائیں گی-
سماجی فنڈ کا سرمایہ 500 ملین ریال ہوچکا ہے- محکمہ اوقاف نے سو ملین، وزارت افرادی قوت نے 50 ملین، وقف اداروں، نجی اداروں اور بعض کمپنیوں نے 50 ملین ریال دیے ہیں- مخیر اداروں اور عطیات دینے والوں سے اس میں اپنا حصہ ڈالنے کےلیے کہا گیا ہے-

فنڈ کے سلسلے میں این جی اوز بنیادی کردارادا کریں گی- فوٹو واس

اس فنڈ  کے سلسلے میں این جی اوز بنیادی کردارادا کریں گی-

دریں اثنا سعودی آرامکو اور اس کے تحت کمپنیوں نے وزارت صحت کے وقف فنڈ میں 200 ملین ریال دینے کا اعلان کیا ہے- آرامکو نے اسی کے ساتھ عطیات مہم بھی شروع کی ہے-

آرامکو نے اپنے ملازمین سے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے مسائل میں الجھے ہوئے غریبوں، یتیموں اور بیواؤں کی مدد کے سلسلے میں عطیات پیش کریں- ان عطیات سے کھانے پینے  کی اشیا، کورونا سے بچنے کےلیے حفاظتی سامان اور آگہی لٹریچر مہیا کیا جائے گا-

الاقتصادیہ کے مطابق پٹرول ’ گیس، تجدد پذیر توانائی، بجلی، پٹروکیمیکل کے شعبے سے تعلق رکھنے والی بڑی کمپنیوں نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے چلائے جانے والے قومی مشن کی مدد کرنے کے لیے 525 ملین ریال دینے کا اعلان کیا ہے-
یہ رقم صحت وقف  فنڈ کے حوالے کی جائے گی- یہ فنڈ نئے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے صحت مسائل حل کرنے کی خاطر قائم کیا گیا ہے-
صحت وقف فنڈ کے قیام کا فیصلہ کابینہ نےکیاتھا- اس کے ذریعے حفظان صحت کے سلسلے میں سرکارکے ساتھ معاشرے کی جانب سے یکجہتی کا اظہار کیا جارہا ہے-
 
 
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: