Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیویارک میں ٹائیگر کا کورونا ٹیسٹ مثبت

چڑیا گھر کی انتظامیہ کے مطابق جانوروں کی صحت بہتر ہے اور وہ جلد تندرست ہو جائیں گے۔ فوٹو: سوشل میڈیا
چین میں کورونا وائرس کی وبا پھوٹنے سے لے کر اب تک یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کسی جانور میں یہ وائرس مثبت پایا گیا ہے۔ امریکی  شہر نیویارک کے ایک چڑیا گھر میں ٹائیگر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق وفاقی حکام نے کہا ہے کہ نیویارک کے برونکس چڑیا گھر میں اتوار کو چیتے بیمار ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کسی ٹائیگر کو دنیا میں کورونا وائرس لگنے کا یہ پہلا واقعہ سمجھا جا رہا ہے۔
چڑیا گھر انتظامیہ کے مطابق ‘نادیہ‘ نامی چار سالہ ملاین ٹائیگر اور چھ دیگر چیتے بھی بیماری کا شکار ہیں اور یہ سمجھا جا رہا ہے کہ ان کو بیماری چڑیا گھر کے ایک ملازم سے منتقل کی جس میں تاحال کورونا کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔

 

چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 27 مارچ کو پہلے ٹائیگر میں علامات ظاہر ہونا شروع ہوئیں اور جانور اس وقت بہتر حالت میں ہیں اور امید کی جا رہی ہے کہ جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔
انتظامیہ کے مطابق چڑیا گھر نیویارک میں کورونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر 16 مارچ سے بند ہے۔
چڑیا گھر کے چیف ویٹیرینیرین ڈاکٹر پال کیلی نے بتایا کہ ’ہم نے چیتے کا ٹیسٹ کیا اور اس کا مقصد یہ تھا کہ دنیا کو اس بیماری کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔‘
چیتے میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ نتیجہ مثبت آنے کے بعد وائرس کے جانوروں میں منتقلی کے نئے سوالات اٹھ گئے ہیں۔
’نادیا‘ کا کورونا ٹیسٹ کرنے والے امریکہ محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ لائیو سٹاک یا گھریلو جانوروں میں اس وائرس کا تاحال کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

امریکی محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ وہ جانوروں کے کورونا ٹیسٹ کی سفارش نہیں کرتا. فوٹو: اے یف پی

محکمہ زراعت کے ویٹیرینیرین ڈاکٹر جین رونی کا کہنا ہے کہ ’اس وقت ایسا کچھ بھی سامنے نہیں کہ جس سے یہ ثبوت ملے کہ جانوروں سے وائرس انسانوں کو منتقل ہو سکتا ہے یا امریکہ میں جانور اس وائرس کے پھیلانے کا سبب بن سکتے ہیں۔‘
امریکی محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ وہ جانوروں کے کورونا ٹیسٹ کی سفارش نہیں کرتا جبکہ ڈاکٹر جین رونی کے مطابق محکمے نے بعض جانوروں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جن میں سے ’نادیا‘ کے سوا دیگر تمام کے نتائج منفی آئے۔

شیئر: