Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عالمی وبا نے 69 ہزار جانیں لے لیں، 13 لاکھ کے قریب متاثر

اٹلی میں حکام نے بڑے پیمانے پر شہریوں کے کورونا ٹیسٹ شروع کیے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
عالمی وبا کورونا وائرس نے دنیا بھر میں 12 لاکھ 75 ہزار سے زائد افراد کو متاثر کیا ہے جبکہ 69 ہزار سے زیادہ اموات رپورٹ کی گئی ہیں۔
امریکی یونیورسٹی جان ہاپلکنز کے اعداد و شمار کے مطابق پیر کی صبح تک دنیا بھر میں وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ریکارڈ کی گئیں جہاں اموات کی کل تعداد 15 ہزار 887 ہے۔ حکام کے مطابق 19 مارچ کے بعد پہلی بار اتوار کو ملک میں اموات کی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
سپین وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر ہے جہاں اس وبا نے 12 ہزار 641 افراد کی جان لی۔
 
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق دنیا میں اب تک اس وائرس کے شکار دو لاکھ دو 63 ہزار افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔
امریکہ میں وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور وہاں متاثرہ افراد کی تعداد تین لاکھ 37 ہزار سے زائد جبکہ ہلاکتیں ساڑھے نو ہزار سے بڑھ گئی ہیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق فرانس میں اس وبا سے اب تک آٹھ ہزار 78 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 93 ہزار 780 ہے۔
برطانیہ میں ہلاکتیں پانچ ہزار کے لگ بھگ ہیں اور مریضوں کی تعداد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ یونیورسٹی کے مطابق متاثرین 48 ہزار 440 ہیں۔
جرمنی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 584 ہے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق چین میں متاثرین کی تعداد تیزی سے کم ہو رہی ہے اور وہاں اب اس وبا کا شکار افراد 82 ہزار سے زائد ہیں۔ چین میں ہلاکتیں ساڑھے تین ہزار کے لگ بھگ ہیں۔

شیئر: