Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین میں کورونا سے کوئی نئی ہلاکت نہیں

چین میں اب تک 81 ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
چین میں  تین ماہ بعد پہلی مرتبہ کورونا وائرس کے باعث کوئی نئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی ہے۔
خبر رساں ادارے  ’اے ایف پی‘ کے مطابق  چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے کہا ہے کہ منگل کو پہلی مرتبہ ہے کہ کوئی نئی ہلاکت نہیں ہوئی۔
مارچ کے مہینے سے چین میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی دیکھنے میں آئی ہے، تاہم نئے کیسز سامنے آنے کی وجہ سے چین وبا کی دوسری لہر کے خدشے سے دوچار ہے۔ متاثرین میں سے ایک ہزار کی تعداد میں ایسے افراد ہیں جو بیرون ممالک سے آئے تھے۔
ملک بھر میں 32 ایسے نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو دوسرے ممالک سے سفر کر کے چین آئے تھے۔ چین میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد 1033 ہے۔
جبکہ 30 ایسے کیسز ہیں جن کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت ہے مگر ان میں کورونا وائرس کی کوئی علامات نہیں پائی جاتی تھیں، ان میں سے بھی اکثریت بیرون مماملک سے آنے والوں کی ہے۔
گزشتہ ہفتے سے چین نے ایسے کیسز رپورٹ کرنے شروع کیے ہیں جن میں وائرس کی کوئی علامات نہیں پائی جاتی ہیں، جس سے یہ خدشات جنم لینا شروع ہو گئے ہیں کہ ایسے کئی لوگ ارد گرد گھوم رہے ہوں گے جن میں بظاہر کوئی علامات نہیں لیکن وہ وائرس دوسروں میں پھیلا سکتے ہیں۔
چین کے مرکزی شہروں میں ایسے کیسز سامنے آنے کے بعد  مقامی اہلکاروں نے 45 رہائشی کمپاؤنڈز کو وبا سے پاک قرار دے دیا ہے۔

امریکہ میں کورونا کے متاثرین کی تعداد 366,000 سے تجاوز کر گئی ہے۔ فوٹو اے ایف پی

چین میں اب تک 81,740  افراد وائرس سے متاثر جبکہ 3,331 ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں سے بیشتر کا تعلق ووہان سے تھا۔
دوسری جانب امریکہ میں پچھلے چوبیس گھنٹوں میں 1,150 اموات رپورٹ ہوئی ہیں، جبکہ 30 ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
امریکی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے کورونا ریسورس سنٹر کے مطابق امریکہ میں کورونا کے متاثرین کی تعداد 366,000 سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ 10,783 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
امریکہ میں کورونا متاثرین کے مصدقہ کیسز کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ گزشتہ چند دنوں سے روزانہ کی بنیاد پر وائرس کے ایک ہزار نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ امریکہ میں اموات کی تعداد اٹلی اور سپین کے قریب پہنچ رہی ہے۔ اٹلی میں کورونا سے 16,523 جبکہ سپین میں 13,005 ہلاکتیں ہوئیں۔

شیئر: