Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف میں انٹر کانٹیننٹل ہوٹل قرنطینہ سینٹر میں تبدیل

’پورا ہوٹل وزارت صحت نے کرایہ پر حاصل کرلیا ہے جہاں کورونا کے مریضوں کو منتقل کیا جائے گا‘ ( فوٹو: سبق)
طائف میں انٹر کانٹیننٹل ہوٹل قرنطینہ سینٹر میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ یہاں بیرون ملک سے آنے والے شہریوں کے علاوہ کورونا کے دیگر مریضوں کو طبی نگرانی میں رکھا جائے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق طائف محکمہ صحت کے ترجمان انجینئر ماجد بن حسین الحارثنی نے کہا ہے کہ ’محکمہ صحت نے پورا ہوٹل کرایہ پر حاصل کر لیا ہے، یہ طائف کا فائیو سٹار ہوٹل ہے جس میں مریضوں کی نگرانی ہوگی‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’ہوٹل کے ساتھ معاہدہ کرنے کے بعد وزارت صحت کی طرف سے مختلف شعبوں کے ماہرین کی ٹیم نے ہوٹل کا دورہ کر کے ہر طرح سے اطمینان کر لیا ہے‘۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ’ہوٹل میں کمروں کا جائزہ لینے کے علاوہ طبی عملے کی رہائش، مریضوں کو پیش کی جانے والی سہولیات اور متعدی بیماریوں کے حوالے سے مقررہ ضابطوں کا بھی جائزہ لیا گیا ہے‘۔
محکمہ صحت کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’فائیو سٹار ہوٹل کو منتخب کرنے کی وجہ یہ ہے کہ کورونا کے شبے میں یہاں آنے والے مریضوں کو یہ احساس نہ ہو کہ وہ محصور کردیے گیے ہیں، انہیں ہر طرح کی سہولت اور آرام مہیا رہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’طبی تقاضوں کے حوالے سے ہوٹل میں کچھ اضافے کرنے کے بعد بہت جلد اس میں مریضوں کی میزبانی کی جائے گی‘۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ’ہوٹل میں ایک سو کمروں کے علاوہ فیملی کے لیے الگ اپارٹمنٹ ہیں۔ ہوٹل کے تمام کمروں کے علاوہ طبی عملے کے کام کرنے کے مقامات کو جراثیم سے پاک کیا جا رہا ہے‘۔

شیئر: