Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پانی کا بل جمع نہ کرانے پر میٹر بند نہیں ہوں گے‘

میٹر کھلوانے کے لیے واٹر کمپنی کی ویب سائٹ پردرخواست دے سکتے ہیں- فوٹوسوشل میڈیا
سعودی عرب میں نیشنل واٹر کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ پانی کا بل جمع نہ کرنے والے صارفین کے میٹر بند نہیں کیے جائیں گے۔
اگر کسی وجہ سے کسی کا میٹر بند کر دیا گیا ہوگا تو اسے کھول دیا جائے گا- یہ سہولت کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے بحران کو مدنظر رکھ کر دی جا رہی ہے-
اخبار 24 کے مطابق نیشنل واٹر کمپنی کے ڈپٹی چیئرمین نمرالشبل نے یہ بات روتانا خلیجیہ چینل کے معروف پروگرام ’یاھلا‘ کو انٹرویو میں بتائی ہے-
نیشنل واٹر کمپنی کے ڈپٹی چیئرمین نے مزید کہا کہ صارفین کی سہولت کے لیے طے کیا گیا ہے کہ واٹر کمپنی بل ادا نہ کرنے یا کسی بھی وجہ سے کسی کا بھی واٹر میٹر بند نہیں کرے گی-
کمپنی نے اپنے طور پر ان تمام علاقوں میں بند واٹر میٹر کھول دیے ہیں جہاں چوبیس گھنٹے کا کرفیو ہے- یہ سہولت ان علاقوں کے صارفین کے لیے بھی ہے جہاں جزوی کرفیو ہے-
نمرالشبل  کا کہنا ہے کہ اگر کسی کا واٹر میٹر ابھی تک بند ہو تو وہ پہلی فرصت میں اسے کھلوانے کی آن لائن درخواست  دے-
انہوں نے کہا کہ درخواست کے بعد چوبیس گھنٹے اندر میٹر کھول دیا جائے گا- درخواست نیشنل واٹر کمپنی  کی ویب سائٹ پر بھی دی جاسکتی ہے۔ ٹول فری نمبر  920001744 پر رابطہ کر کے بھی درخواست دی جا سکتی ہے-
نمر الشبل  کے مطابق ’اس وقت پورا معاشرہ کورونا بحران میں مبتلا ہے- ہر ایک کسی نہ کسی مشکل میں ہے- سب لوگ زیادہ وقت گھروں میں گزار رہے ہیں- ایسے میں پانی کی ضرورت عام دنوں کے مقابلے میں زیادہ ہے کمپنی نے درپیش صورتحال کے مدنظر پانی کی سپلائی بھی بڑھا دی ہے-‘

 

 خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: