Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن بحال

پی آئی اے ترجمان کے مطابق کراچی سے بھی فضائی آپریشن بحال ہوچکا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز اور پائلٹس کی نمائندہ تنظیم پاکستان ایئر لائنز پائلٹس ایسوی ایشن (پالپا) کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد قومی ایئر لائن کا فضائی آپریشن مکمل طور پر بحال ہو گیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے عبد اللہ حفیظ نے اردو نیوز کو بتایا کہ 'پالپا کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد تمام پروازیں شیڈول کے مطابق چلائی جائیں گی اور کراچی سے فضائی آپریشن بھی بحال ہوچکا ہے تاہم کراچی ایئر پورٹ سے پروازیں صرف مسافروں کو لے کر روانہ ہوں گی۔‘
ترجمان پی آئی اے کے مطابق حکومت سندھ اور وفاق کے درمیان ہوائی اڈوں پر ہم آہنگ پالیسی نہ بننے تک پی آئی اے کی پروازیں کراچی ایئر پورٹ پر لینڈ نہیں کریں گی۔

 

خیال رہے کہ اتوار کو پالپا نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ناکافی سہولیات کے باعث اپنے ممبران پائلٹس کو فضائی آپریشن میں حصہ لینے سے روک دیا تھا۔
منگل کی صبح ایوی ایشن ڈویژن میں پی آئی اے اور پالپا کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات ہوئے جس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ہے۔
اردو نیوز کے پاس دستیاب معاہدے کی کاپی کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ فضائی عملے کو تمام حفاظتی سامان فراہم کرنے کی پابند ہوگی اور ہر پرواز کے بعد طیاروں میں سپرے کیا جائے گا۔
پائلٹس قومی ایئرلائن کے شیڈول کے مطابق تمام خصوصی پروازوں کو اڑانے کے پابند ہوں گے۔ اگر کوئی پائلٹ کورونا وائرس کی وجہ سے طیارہ اڑانے سے انکار کرتا ہے تو اسے تحریری طور پر آگاہ کرنا ہوگا۔
کراچی میں اردو نیوز کے نامہ نگار توصیف رضی ملک کے مطابق قبل ازیں پالپا کی جانب سے پی آئی اے کے فضائی آپریشن میں حصہ لینے سے انکار کے بعد پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے بحران سے نکالنے کیلئے پی آئی اے کو خصوصی طیارہ فراہم کیا تھا۔ اس فلائیٹ سے پی آئی اے کے ان پائیلٹس کو اسلام آباد لانا تھا  جنھوں نے پالپا کے انکار کے باوجود فضائی آپریشن میں حصہ لینے کے لیے رضا مندی ظاہر کی تھی۔
ترجمان پی آئی اے نے نامہ نگار توصیف رضی ملک کو بتایا تھا کہ سی 130 طیارہ کراچی سے 13 ہوابازوں کو لے کہ آج رات کراچی سے اسلام آباد پہنچے گا۔

شیئر: