Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن اسلام آباد اور لاہور تک محدود

پاکستانیوں کی واپسی کے لیے خصوصی پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائینز (پی آئی اے) کی خصوصی پروازیں اسلام آباد سے جاری ہیں جبکہ کراچی سے فلائٹ آپریشن تاحال معطل ہے۔
پی آئی اے کے ایک ترجمان کے مطابق کراچی سے چلائی جانے والی خصوصی پروازوں کو اسلام آباد اور لاہور سے چلانے کے لیے شیڈول ترتیب دیا جا رہا ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان عبد اللہ حفیظ نے اردو نیوز کو بتایا ہے کہ بیرون ملک کے لیے پروازیں لاہور اور اسلام آباد سے روانہ ہوں گی جبکہ بیرون ملک سے مسافروں کو لے کر آنے والی پروازیں صرف اسلام آباد میں لینڈ کریں گی۔
ترجمان کے مطابق اسلام آباد سے پی آئی اے کے شیڈول کے مطابق تمام پروازیں جاری ہیں۔ جن میں بیرون ملک اور گلگت بلتستان کے لیے پروازیں بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیر کو روز اسلام آباد سے گلگت اور تاشقند کے لیے پروازیں روانہ ہوئیں جبکہ برطانیہ اور کینیڈا کے لیے پیر کے روز کوئی پرواز شیڈول نہیں۔
'پی آئی اے کا خصوصی طیارہ ازبکستان سے 138 مسافروں کو لے کر اسلام آباد پہنچ رہا ہے جس سے وہاں پھنسے تمام پاکستانی واپس پہنچ جائیں گے۔‘
خیال رہے کہ اتوار کو کراچی ایئر پورٹ پر محکمہ صحت سندھ کے حکام کی جانب سے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے عملے کو زبردستی قرنطینہ میں رکھنے کے معاملے پر بدنظمی کے بعد پی آئی اے کے سربراہ ارشد ملک نے کراچی سے فلائٹ آپریشن معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے تھے۔
دوسری جانب پاکستان ایئر لائن پائلٹس ایسوسی ایشن (پالپا) نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پی آئی اے کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے قومی ایئرلائن کے ممبران پائلٹس کو پروازیں چلانے سے روک دیا تھا۔

پالپا کے ممبران پائلٹس پروازیں اڑانے سے انکار کر چکے ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)

اتوار کو لندن سے کراچی واپس آنے والی پرواز کے چار پائلٹس کو ایئرپورٹ پر کورونا وائرس کے شبے میں روک لیا گیا تھا۔
پیر کی صبح لندن سے آنے والے چاروں پائلٹ اور عملے کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا جس کے بعد سیکرٹری صحت سندھ نے پائلٹس اور عملے کو جانے کی اجازت دے دی تھی۔

شیئر:

متعلقہ خبریں