Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوست کو گھر لیجانے کے لیے سوٹ کیس میں ڈال لیا

انڈیا میں کورونا سے اب تک تین سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
دنیا بھر کے بشتر ممالک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن ہے اور لوگوں کی نقل و حرکت اور اجتماعات پر پابندی ہے۔
لیکن کورونا کی وجہ سے عائد پابندیوں اور سماجی رابطوں کو کم کرنے کے اقدامات سے لوگ تنگ آکر عجیب و غریب حرکتیں کرنے لگے ہیں۔
ایسا ہی ایک واقعہ انڈیا کی ریاست کرناٹک کے شہر منگلورو میں پیش آیا جہاں ایک طالب علم نے اپنے دوست کو سوٹ کیس میں ڈال کر اپنے فلیٹ تک لانے کی کوشش کی۔
انڈین خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق منگلورو کے ایک اپارٹمنٹ کمپلیکس میں رہائش پذیر نواجوان اتوار کو اپنے ایک دوست کو سوٹ کیس میں ڈال کر فلیٹ کے اندر لے جانے کی کوشش میں پکڑا گیا۔
پولیس ذرائع کا حوالہ دے کر پی ٹی آئی نے بتایا کہ اپارٹمنٹ کی ایسوسی ایشن نے کورونا پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر باہر سے کسی کے اپارٹمنٹس تک آنے یا لانے پر پابندی لگا رکھی تھی۔
اس پابندی سے پریشان نوجوان طالب علم نے اپنے دوست کو بلانے کے لیے انوکھی ترکیب سوچی اور دوست کو ایک بڑے سوٹ کیس میں ڈال کر اپارٹمنٹ کے اندر لے آیا۔ جب وہ سوٹ کیس کھینچ کر اندر لے جا رہا تھا تو اس کے اندر حرکت اپارٹمنٹ کے رہائشیوں نے نوٹ کی اور انہوں نے سوٹ کیس کھلوا لیا۔
سوٹ کیس کھولا گیا تو اپارٹمنٹس کے رہائشیوں کی حیرت کی انتہا نہ رہی جب انہوں نے ایک نوجوان کو اندر سے برآمد ہوتے ہوئے دیکھا۔
انہوں نے فوراً پولیس کو بلایا جو دونوں نوجوانوں کو قریبی پولیس سٹیشن لے گئی۔ بعدازاں دونوں نوجوانوں کے والدین کو تھانے بلایا گیا۔

انڈیا میں کورونا کے سبب لاک ڈاؤن کا تیسرا ہفتہ جاری ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

پولیس ذرائع کے مطابق ابھی تک اس حوالے سے کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا ہے۔
خیال رہے کہ انڈیا میں کورونا وائرس کی وجہ سے جاری لاک ڈاؤن کا تیسرا ہفتہ ہے۔ ملک میں اب تک 10  ہزار کے قریب کورونا کے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے اور 308  مریض اس وبا سے اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں۔

شیئر: