Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حزب اللہ کا پوپ لیو سے لبنان کے خلاف اسرائیلی ’جارحیت‘ کو مسترد کرنے کا مطالبہ

اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ حزب اللہ کے جنگجوؤں اور تنصیبات کو نشانہ بنا رہا ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
لبنان کی عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ نے سنیچر کو پوپ لیو چہار دہم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لبنان کے خلاف اسرائیلی ’ناانصافی اور جارحیت‘ کو مسترد کریں۔ یہ پیغام ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب پوپ رواں ہفتے کے اختتام پر بیروت پہنچ رہے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حزب اللہ ایک برس سے زائد جاری کشیدگی اور دو ماہ کی جنگ کے بعد شدید دباؤ کا شکار ہو کر ابھری ہے۔ یہ جنگ اس وقت شروع ہوئی تھی جب ایران کی حمایت یافتہ تنظیم نے غزہ جنگ کے تناظر میں اسرائیل کے خلاف سرحد پار حملے شروع کیے۔
ایک برس قبل طے پانے والی جنگ بندی کا مقصد لڑائی کا خاتمہ تھا، تاہم اسرائیل نے لبنان پر باقاعدہ فضائی حملے جاری رکھے ہیں، جن کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ وہ حزب اللہ کے جنگجوؤں اور تنصیبات کو نشانہ بنا رہا ہے۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے پانچ سٹریٹجک مقامات پر اپنی موجودگی بھی برقرار رکھی ہوئی ہے۔
امریکہ کے شدید دباؤ اور اسرائیلی حملوں کے بڑھنے کے خدشات کے تحت لبنانی حکومت نے حزب اللہ کو غیرمسلح کرنے کا وعدہ کیا ہے، تاہم تنظیم نے اس اقدام کو مسترد کر دیا ہے۔
سنیچر کو حزب اللہ کے سوشل میڈیا چینلز پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ’ہم حزب اللہ کی جانب سے آپ کے بابرکت دورۂ لبنان کے موقع پر بقائے باہمی کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔‘
تاہم پیغام میں یہ بھی کہا گیا کہ تنظیم ’اپنی فوج اور عوام کے ساتھ مل کر ہر اس جارحیت اور قبضے کے مقابلے کے لیے پرعزم ہے جو ہماری سرزمین اور ہمارے وطن کے خلاف ہو۔‘
بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کی جانب سے لبنان میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ ’ناقابلِ قبول مسلسل جارحیت‘ ہے۔
حزب الل نے پوپ کے نام بیان میں مزید کہا کہ ’ہم آپ سے سے توقع رکھتے ہیں کہ آپ لبنان کے خلاف اس ناانصافی اور جارحیت کو مسترد کریں گے جس کا ہماری قوم صیہونی حملہ آوروں اور ان کے حامیوں کے ہاتھوں سامنا کر رہی ہے۔‘

ترکیہ کے دورے کے بعد پوپ لیو اتوار کو تین روزہ دورے پر لبنان پہنچیں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

جمعے کو ایک خطاب میں حزب اللہ کے رہنما نعیم قاسم نے پوپ لیو کے متوقع دورۂ لبنان کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تنظیم نے پوپ کے لیے ایک خط تیار کیا ہے جسے نہ صرف اُن تک پہنچایا جائے گا بلکہ میڈیا میں بھی جاری کیا جائے گا۔
ترکیہ کے دورے کے بعد پوپ لیو اتوار کو تین روزہ دورے پر لبنان پہنچیں گے۔ ان کی آمد پر بیروت کے ساحلی علاقے میں ایک اوپن ایئر ماس بھی ہو گا، جس میں منتظمین کے مطابق ایک لاکھ 20 ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے۔ اس کے علاوہ شہر کے وسط میں ایک بین المذاہب اجلاس کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

 

شیئر: