Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افواہیں بے بنیاد: ’مکہ کی سبزی منڈی بند نہیں‘  

منڈی میں کام حسب معمول جاری ہے(فوٹو، سبق نیوز)
مکہ مکرمہ کی بلدیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ شہرکی مرکزی سبزی و پھل منڈی کو بند نہیں کیا گیا۔ منڈی میں احتیاطی تدابیرکو اختیار کرتے ہوئے جراثیم کش ادویات کا سپرے کیاجارہا ہے۔
بلدیہ نے سوشل میڈیا پرپھیلنےوالی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہےکہ منڈی میں تمام امورحسب معمول جاری ہیں۔
ویب نیوز ’سبق‘ نے مکہ مکرمہ کی بلدیہ کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ مکہ کے’الکعکیہ‘علاقے میں قائم مرکزی سبزی اور پھل منڈی میں جراثیم کش ادوایات کا سپرے مسلسل کیاجاتا ہے تاکہ وہاں آنے والوں کو ’کورونا وائرس‘ کے اثرات سے محفوظ رکھا جاسکے‘۔

مارکیٹوں میں آنے والوں کا درجہ حرارت چیک کیاجاتاہے(فوٹو، سبق)

بلدیہ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ مرکزی سبزی منڈی کے علاوہ عارضی بنیادوں پر قائم کی جانے والی مارکیٹوں میں بھی شیڈول کے مطابق جراثیم کش ادویات کا سپرے کا عمل جاری ہے جس کے بارے میں پہلے سے ہی شہریوں کو اطلاع فراہم کردی گئی تھی۔
شہر کی سبزی منڈی کے علاوہ دیگر مقامات پر جراثیم کش ادویات کے سپرے کا عمل پروگرام کے مطابق جاری رہے گا۔
’سبق نیوز‘ کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ’وائس ریکارڈنگ‘ وائرل ہوگئی تھی جس میں کہا جارہا تھا کہ مکہ مکرمہ کی مرکزی سبزی اور پھل منڈی میں کام کرنے والوں میں ’کووڈ 19 ‘ پایا گیا ہے جس کے بعد منڈی کو بند کردیا گیا۔ بلدیہ نے اس حوالے سے سختی سے تردید کی ہے۔
واضح رہے کورونا وائرس سے بچاو کے لیے سعودی عرب کے تمام شہروں میں خاص کر سبزی منڈی اور اشیائے خورونوش فروخت کرنے وا لی مرکزی مارکیٹوں میں بلدیہ کی جانب سے جراثیم کش ادویات کے اسپرے کی مہم جاری ہے جو وقتا فوقتاکی جاتی ہے'
علاوہ ازیں تمام شہروں کی شاہراہوں کو بھی یومیہ بنیاد پر جراثیم کش محلول سے دھویا جاتا ہے تاکہ کورونا وائرس سے لوگوں کو محفوظ رکھا جاسکے۔
کورونا وائرس سے بچاو کےلیے ملک میں کرفیوبھی نافذ کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ وقت گھروں کی حد تک محدود رکھا جاسکے۔

جراثیم کش ادویات کے اسپرے کا عمل مسلسل جاری ہے(فوٹو، اردونیوز)

وزارت صحت کی جانب سے مارکیٹوں میں آنے والوں کی حفاظت کے لیے مختلف پابندیاں عائد کی گئی ہیں جن پر عمل کرتے ہوئے سپر اسٹورز کے داخلی دروازے پر اہلکاروں کومتعین کیا گیا ہے جو ہر آنے والے کا درجہ حرارت ریکارڈ کرتے ہیں اگر کسی کا ٹیمپریچر زیادہ ہوتا ہے تو اسے مارکیٹ میں داخل ہونے سے روک کر فوری طور پر وزارت صحت کے طبی مرکز سے رجوع کرنے کا کہا جاتا ہے۔

شیئر: