Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانیہ کے مسلمان حج بکنگ کے لیے ہدایات کا انتظار کریں

برطانیہ میں بسنے والے مسلمانوں سے کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر کسی بھی حج ٹور آپریٹرز سے بکنگ کرانے کے لیے آئندہ ہدایات کا انتظار کریں۔
عرب نیوز کے مطابق حج ٹور آپریٹرز سے کسی قسم کا معاہدہ نہ کرنے کے لیے برطانیہ میں رہنے والے مسلمانوں پر زور دیا گیا ہے کہ غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے حج کا ارادہ کرنے والے افراد ابھی انتظار کریں۔

مسلمانوں کی صحت و تندرستی کی سنجیدہ کوششیں قابل قدر ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)

برطانیہ کی کونسل برائے حجاج (سی بی ایچ یو کے) نے لندن شہر کی پولیس، برمنگھم ٹریڈنگ سٹینڈرڈ اور سول ایوی ایشن کے ساتھ مشاورت کے بعد یہ مشورہ جاری کیا ہے۔
عمرہ اور زیارت کی تاحال معطلی کے باعث یہ خدشات بڑھ رہے ہیں کہ آیا اس سال حج کے لیے انتظامات ممکن بھی ہوں گے یا نہیں۔

حج ٹور آپریٹرز سے کسی قسم کا معاہدہ نہ کیا جائے (فوٹو: عرب نیوز)

سی بی ایچ یو کے کے بانی اور سی ای او راشد موگرادیا نے برطانوی مسلمانوں کو اس وقت تک حج کی بکنگ کرانے سے روکنے کی ترغیب دی ہے جب تک کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی واضح تصویر سامنے نہیں آجاتی۔
راشد موگرادیا نے سعودی عرب کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری دنیا کے مسلمانوں کی صحت و تندرستی کو مدنظر رکھتے ہوئے سعودی حکومت کی عمرہ اور زیارت معطل رکھنے کی سنجیدہ کوششیں قابل قدر ہیں۔

کورونا وائرس کے انسداد تک وزارت حج کے مشورے پر عمل کریں (فوٹو: عرب نیوز)

جدہ میں موجود برطانوی قونصل جنرل سیف عشر نے بھی برطانیہ میں رہنے والے مسلمانوں کو حج یا عمرہ کی منصوبہ بندی کرنے سے پہلے سعودی عرب کی جانب سے واضح اعلانات کا انتظار اور اس پر توجہ رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
برطانیہ کی رکن پارلیمنٹ اور حج و عمرہ کے لیے آل پارٹی پارلیمانی گروپ کی سربراہ یاسمین قریشی نے برطانوی مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ سعودی وزارت حج کے مشورے پر عمل کریں اور جب تک کورونا وائرس کے انسداد کی واضح صورت سامنے نہیں آجاتی ان کے حج منصوبے پر عمل پیرا رہیں۔

خدشات بڑھ رہے ہیں کہ حج انتظامات ممکن ہوں گے یا نہیں (فوٹو: ٹوئٹر)

فراڈ اور دھوکہ دہی اور سائبر کرائم کے خلاف برطانوی نیشنل رپورٹنگ سنٹر نے آگاہ کیا ہے کہ مجرمانہ ذہنیت کے حامل افراد ہر وقت سرگرم رہتے ہیں اور حج و عمرہ کا پروگرام رکھنے والے ایسے دھوکہ بازوں سے ہوشیار رہیں۔
سعودی وزارت حج کی جانب سے حج پالیسی 2020 واضح ہونے سے قبل کسی بھی قسم کی رقم کی ادائیگی یا مزید اقساط کو روکے رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

شیئر: