Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات: 'پاکستانیوں کے ویزوں کی معیاد میں توسیع کا اعلان'

متحدہ عرب امارات کی حکومت نے کہا ہے کہ ملازمتوں سے برطرف پاکستانیوں کو مکمل تنخواہ دی جائے گی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی وزارت برائے سمندر پار پاکستانیز نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے یقین دلایا ہے کہ وہ پاکستانی ملازمین کا تحفظ کرے گی۔
جمعرات کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری اور متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے ہیومن ریسورس کے درمیان رابطہ ہوا ہے جس کے بعد حکومت نے پاکستانی ملازمین کے تحفظ کے لیے سفارتی اور وزارتی رابطے تیز کر دیے ہیں۔ 
وزارت کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستانیوں کے ویزوں کی معیاد میں توسیع کا اعلان بھی کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی حکومت نے کہا ہے کہ ملازمتوں سے برطرف پاکستانیوں کو مکمل تنخواہ دی جائے گی۔
وزارت کے مطابق کہ یو اے ای کی کمپنیاں پاکستانی ملازمین کو ائیر ٹکٹ کا خرچ دیں گی اور جو وہاں رکنا چاہیں انہیں قانونی تحفظ دیا جائے گا۔

ہزاروں پاکستانی متحدہ عرب امارات میں مزدوری کرتے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

 متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے پاکستانی ملازمین کو ترجیحی بنیاد پر ورچوئل روزگار فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے فلائٹ آپریشن کی بحالی کو مثبت اقدام قرار دیا ہے۔
انہوں نے مشکل وقت میں پاکستانیوں کا خیال رکھنے پر متحدہ عرب امارات کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے بحران کے باعث منگل کو متحدہ عرب امارات کی حکومت نے کہا تھا امارات میں مقیم غیر ملکیوں کے اقاموں میں دسمبر تک توسیع کر دی جائے گی۔

شیئر: