Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وینٹی لیٹر پر جنم کے بعد ماں کی بچے سے پہلی ملاقات

یانیرہ سوناریو کے شوہر بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی شہر نیویارک میں وینٹیلیٹر پر بچے کو جنم دینے والی خاتون کورونا وائرس سے صحت یاب ہوگئی ہیں۔
بچے کو سی سیکشن (آپریشن) کے ذریعے جنم دینے کے وقت متاثرہ خاتون وینٹیلیٹر پر تھیں، اس دوران حالت خراب ہونے پر ڈاکٹروں نے ان کو مصنوعی کومے پر بھی رکھا تھا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کئی روز وینٹلیٹر پر رہنے کے بعد 36 سالہ یانیرہ سوناریو صحت یاب ہونے کے بعد پہلی دفعہ اپنے بچے سے ملی ہیں۔ 
ساؤتھ سائیڈ ہسپتال میں خاتون کے معالج ڈاکٹر بینجمن شوارٹز کے مطابق ’ہمیں معلوم نہیں تھا کہ یہ خاتون بچ جائیں گی۔‘
ڈاکٹر بینجمن شوارٹز کا کہنا تھا کہ وینٹیلیٹر پر رکھے جانے والے زیادہ تر مریض بچ نہیں پاتے۔
یانیرہ سوناریو کے شوہر بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔
یانیرہ سوناریو آٹھ مہینے کی حاملہ تھیں جب وہ کورونا وائرس سے متاثر ہوئیں۔
کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد ان کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا تاہم ان کی حالت بگڑنے پر ان کو وینٹیلیٹر پر رکھا گیا۔
ڈاکٹروں کے مطابق آکسیجن کی کمی کی وجہ سے بچے کی جان کو خطرہ تھا اور خاتون سے مشورے کے بعد ان کو آرٹیفیشل کوما میں رکھنے سے پہلے ان کا سی سیکشن کیا گیا تھا۔

کورونا وائرس سے نیویارک سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

ڈاکٹر بینجمن شوارٹز کے مطابق وقت سے پہلے پیدا ہونے والے بچے کی صحت بہتر ہے۔
ایسی مثالیں بہت کم ہیں کہ پیدا ہونے والے بچے بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور خوش قسمتی کی بات یہ ہے کہ یانیرہ سوناریو کا بچہ اس سے محفوظ ہے۔
امریکہ میں کورونا وائرس سے نیویارک سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔
نیویارک میں اب تک 11 ہزار افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہوئے ہیں۔

شیئر: