Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ: سبزی فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن

شہری کی شکایت پر بلدیہ کی جانب سے کارروائی کی گئی (فوٹو: الریاض اخبار)
جدہ میونسپلٹی کے اہلکاروں نے شہر کے معروف محلے العزیزیہ میں چھاپہ مار کر پھلوں اور سبزیوں کی 300 ریڑھیاں ضبط کرلیں-
غیرملکی کارکن غیرقانونی طریقے سے سبزیاں اور پھل فروخت کر رہے تھے-  حکام کے مطابق بھیڑ کی وجہ سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے یہ اقدام کیا گیا-

بھیڑ اور کورونا کے خدشے کے پیش نظر کارروائی کی گئی (فوٹو: سبق نیوز)

سبق ویب سائٹ کے مطابق جدہ میونسپلٹی کے ماتحت العزیزیہ محلے کی بلدیہ کے اہلکاروں نے پولیس اور گشتی فورس کی مدد سے ریڑھی پر سبزی اور پھل فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 9 ٹن پھل اور سبزیاں ضبط کر کے فلاحی تنظیموں کے حوالے کر دیں-
سیکرٹری بلدیاتی کونسل انجینئر محمد الزہرانی نے بتایا کہ 'میونسپلٹی کو اطلاعات ملی تھیں کہ العزیزیہ محلے میں مختلف مقامات پر سبزیاں اور پھل ریڑھیوں پر فروخت کیے جا رہے جس کی وجہ سے ہونے والی بھیڑ سے سماجی فاصلے کی شرط پوری نہ ہونے کے سبب کورونا وائرس کے پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے تھے-'
الزہرانی  نے توجہ دلائی ہے کہ 'ایک مقامی شہری نے العزیزیہ محلے میں ریڑھی فروشوں سے متعلق ایک وڈیو کلپ سوشل میڈیا پر جاری کر دیا تھا جس پر مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں نے بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریڑھی فروشوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا-'

شیئر: