Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آرامکو کا ہیوسٹن کے لیے خصوصی ماسک کا تحفہ

سعودی آرامکو نے امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن کو کورونا وائرس سے بچاو کے لیے  30 ہزار خصوصی ماسک عطیہ کیے ہیں۔
عرب نیوز میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق سعودی آرامکو کے امریکہ میں موجود دفتر 'آرامکو امریکاز' نے یہ ماسک میٹروپولیس اور محکمہ صحت کے لیے دیے ہیں تاکہ  کورونا وائرس کے خلاف لڑنے میں معاونت مل سکے۔

آرامکو مقامی حکومت اور خیراتی اداروں کے شانہ بشانہ کام کررہا ہے(فوٹو سعودی گزٹ)

کمپنی کی جانب سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ ہم ہیوسٹن سٹی اور شہر کے میئر سلویسٹر ٹرنر کو کے این۔95 خصوصی قسم کے30 ہزار ماسک عطیہ کر رہے ہیں۔ یہ ماسک محکمہ پولیس اور محکمہ صحت کے اہلکاروں کی حفاظت کا ذریعہ بنیں گے۔
ہیوسٹن کے میئر سلویسٹر ٹرنر نے یہ کھیپ قبول کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ 'اس طرح کا حفاظتی سامان اور طبی ماسک کی فراہمی ہمارے لیے بہت اہم ہے،ایسے خصوصی ماسک ہمارے پاس تعداد میں کم ہیں۔'

حفاظتی سامان اور طبی ماسک کی فراہمی ہمارے لیے بہت اہم ہے(فوٹو عرب نیوز)

انہوں نے مزید کہا کہ 'ہم خوش قسمت ہیں کہ اس مشکل وقت میں اس خاص قسم کے ماسک ہمارے لیے آرامکو کی جانب سے بہت بہترین تحفہ ہے۔'
میئر نے مزید کہا کہ یہ عطیہ ہیوسٹن ہیلتھ فاونڈیشن اور ہیوسٹن میں محکمہ صحت کے ذریعے ہم تک پہنچایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اس بات کی بھی خوشی ہے کہ  آرامکو کا ادارہ ماحولیاتی تحفظ، تعلیم اور کسی اور مشکل کے وقت مقامی حکومت اور خیراتی اداروں کے شانہ بشانہ کام کرتا ہے۔
دریں اثناء آرامکو امریکاز کے صدر  اور سی ای او محمد الشماری نے کہا ہے کہ ہمارے ادارے کے ملازمین اور یہاں کی کمیونٹی کی صحت کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تقریبا 50 سال سے ہیوسٹن سٹی ہمارے ادارے کا صدر مقام ہے۔
الشماری نے مزید کہا ہے کہ یہ عطیہ اس مشکل اورغیر یقینی وقت کی کیفیت میں ہیوسٹن کی مدد کا یہ حصہ ہےاور جو ہماری جانب سے خدمت کی ایک کوشش ہے جو ہم تلاش کرتے رہتے ہیں۔

شیئر: