Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا سے امریکہ میں 20 ہزار اموات

امریکہ میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ آٹھ ہزار 862 ہو گئی ہے جب کہ امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد 20 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔
جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعدادوشمار کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 29 ہزار 887  پہنچ گئی ہے۔ 
دنیا بھر میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 17 لاکھ 77 ہزار 517 ہو گئی ہے جب کہ کورونا کے چار لاکھ چار ہزار 236 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
۔
امریکہ میں گذشتہ 24  گھنٹوں کے دوران کورونا سے 1920 ہلاکتیں ریکاڈ کی گئی۔  تاہم یہ تعداد اس سے ایک دن پہلے ہونے والی ریکارڈ 2108  اموات سے کم ہے۔
امریکہ میں ہونے والی اموات 20 ہزار 506 ہو گئی ہے جو دنیا کے کسی بھی ملک سے زیادہ ہے۔
کورونا سے اٹلی میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 19 ہزار 468 ہو گئی ہے جب کہ سپین میں 16 ہزار 606، فرانس میں 13  ہزار 832 اور برطانیہ میں نو ہزار 875 افراد کورونا وائرس کا شکار ہو کر اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں۔
دوسری جانب کینیڈا نے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے اور اس بحران کے دوران کاروبار اور ملازمیں کو ریلیف دینے کے لیے 73 بلین کینیڈین ڈالر بیل آؤٹ پیکیج کا اعلان کیا ہے۔
پیکیج کے تحت کاروباری اداروں کو ان کے ملازمیں کی تنخواہوں کا 75 فیصد حصہ حکومت ادا کرے گی تاکہ وہ ان کو ملازمتوں سے فارغ نہ کردے۔
پیکیج کی منظوری کے لیے کینیڈین پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس مین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی شرکت کی۔
ٹروڈو بیوی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد قرنطینہ میں تھے اور بیوی کی کورونا سے صحت یابی کے بعد پہلی مرتبہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں شریک ہوئے۔

امریکہ میں سب سے زیادہ ہلاکتیں نیویارک میں ہوئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

خیال رہے سینیچر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ معیشت کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ ان کی زندگی میں کیا جانے والا مشکل ترین فیصلہ ہوگا۔
اے ایف پی کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ’میں فیصلہ کرنے جا رہا ہوں اور خدا سے امید ہے کہ یہ درست فیصلہ ہوگا۔ لیکن میں بلا جھجھک کہوں گا کہ یہ سب سے بڑا فیصلہ ہوگا جو میں نے اپنی زندگی میں کیا۔

شیئر: