Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک لاکھ 83 ہزار ہلاکتیں، ہوا بازی کی صنعت کا بھاری نقصان

ڈبلیو ایچ او کے مطابق کورونا کے خلاف لمبے عرصے تک جنگ لڑنا ہوگی (فوٹو: اے ایف پی)
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 83 ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ متاثرین 26 لاکھ 26 ہزار سے زائد ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ 'گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امریکہ میں وائرس کا شکار ہو کر مزید ایک ہزار 738 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں۔'
امریکی ریاستوں میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 46 ہزار 500 سے تجاوز کر گئی ہے۔
یورپ میں وائرس سے موت کا شکار ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد ہے۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن اور نقل و حرکت محدود کرنے کا خمیازہ دنیا بھر کی معیشتوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے اور معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے یورپی ملکوں کے رہنما جمعرات کو ویڈیو لنک کے ذریعے مشاورت کریں گے۔
اے ایف پی کے مطابق یونین کے 27 ملکوں میں کورونا کے باعث بے روزگاری بڑھی ہے اور معیشتیں سکڑ گئی ہیں تاہم بہت کم امکان ہے کہ یورپی رہنما کسی ایک فارمولے پر متفق ہو سکیں۔
اے ایف پی کے مطابق جنوبی کوریا کی معیشت کورونا کی وجہ سے ایک اعشاریہ چار فیصد تک سکڑ گئی ہے۔
ادھر اقوام متحدہ کی ایجنسی نے کہا ہے کہ 'عالمی وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں ستمبر تک ہوائی سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد میں ایک ارب 20 کروڑ کی کمی متوقع ہے۔'
اے ایف پی کے مطابق بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 'مسافروں کی سب سے زیادہ کمی یورپ میں ہوگی جہاں گرمیوں کے سیزن کے دوران لوگ سیاحت کے لیے نکلتے ہیں۔'

دنیا بھر میں طبی عملے کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

تنظیم کے مطابق 'سال کے پہلے نو ماہ میں ہوا بازی کی صنعت کو 160 سے 253 ارب ڈالر کے ریونیو سے محروم ہونا پڑ سکتا ہے۔'
اے ایف پی کے مطابق 'اس سے قبل کورونا وائرس کے چین تک محدود ہونے کے وقت فروری میں تنظیم نے بین الاقوامی فضائی کمپنیوں کو چار سے پانچ ارب ڈالر کے منافعے کی کمی کا تخمینہ لگایا تھا۔'
کورونا کے باعث خام تیل کی عالمی منڈی میں مسلسل مندی کا رجحان ہے۔
کورونا وائرس نے یورپ اور امریکہ کو بری طرح متاثر کیا ہے اور یورپ کے  کے سب سے متاثرہ ملک اٹلی میں وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 25 ہزار کے لگ بھگ ہے۔

کورونا سے دنیا بھر میں ہوا بازی کی صنعت شدید متاثر ہوئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

سپین میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 21 ہزار 700 سے زائد ہے جبکہ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق 'فرانس میں بھی 21 ہزار 340 افراد کورونا کے باعث لقمہ اجل بن چکے ہیں۔'
برطانیہ میں مرنے والوں کی تعداد 18 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ 'کورونا وائرس کے جلد خاتمے کا امکان نہیں اور لوگوں کو احتیاط کرنا ہوگی۔'

شیئر: