Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن بیٹے کے باپ بن گئے

بورس جانسن کورونا کا شکار ہونے کے بعد کئی روز ہسپتال میں رہے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن ایک بار پھر بیٹے کے باپ بن گئے ہیں جبکہ ان کی منگیتر کیری سیمنڈز اور بچہ قبل از وقت پیدائش کے باوجود خیریت سے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اس خبر نے سب کو حیران کر دیا ہے کیونکہ بورس جانسن کی منگیتر کے ہاں بچے کی پیدائش کئی ہفتوں کے بعد متوقع تھی۔
سیاسی اور دیگر حلقوں کی طرف سے وزیراعظم کے لیے مبارک کے پیغامات بھیجے جا رہے ہیں جو کئی ہفتے کورونا وائرس کا شکار رہنے کے بعد پیر کو اپنے دفتر کام پر لوٹے تھے۔
کیری سیمنڈز میں بھی کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئی تھیں لیکن گھر پر قرنطینہ میں رہنے کے بعد وہ صحت یاب ہو گئی تھیں۔
بورس جانسن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’وزیراعظم اور مِس سیمنڈز لندن کے ایک ہسپتال میں ایک صحت مند لڑکے کی پیدائش پر بہت خوش ہیں۔ ماں اور بچہ دونوں خیریت سے ہیں۔‘
واضح رہے کہ بورس جانسن کے اس کے علاوہ پانچ بچے ہیں جن میں سے چار دوسری بیوی میرینا وہیلر سے ہیں جن سے انہوں نے 2018 میں علیحدگی اختیار کر لی تھی۔
عدالت میں 2013 میں دائر کیے گئے ایک کیس کے مطابق جب وہ لندن کے میئر تھے تو شادی کے بعد معاشقے کے نتیجے میں ان کی بیٹی بھی پیدا ہوئی تھی۔
بورس جانسن اور کیری سیمنڈز نے فروری میں منگنی کا اعلان کیا تھا۔

بورس جانسن جب لندن کے میئر تھے تو کیری سیمنڈز نے ان کی الیکشن کمپئین میں کام کیا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی

بورس جانسن کا شمار دنیا کے ان ہائی پروفائل رہنماؤں میں ہوتا ہے جو کورونا وائرس کا شکار ہوئے اور برطانیہ دنیا کے ان ممالک میں سے ہے جو اس وائرس سے بری طرح متاثر ہوئے اور جہاں اموات کی تعداد 21 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔
زیریں ہاؤس آف کامنز کی سپیکر لنڈسے ہول نے بچے کے والدین کو سب سے پہلے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’اتنی ناامیدی میں اتنی اچھی خبر، 2020 ایک ایسا سال ہے جسے وہ کبھی نہیں بھولیں گے۔‘
ان کے علاوہ دیگر برطانوی سیاستدانوں نے بھی بورس جانسن اور ان کی منگیتر کو مبارکباد کے پیغامات دیے۔
بورس جانسن جب لندن کے میئر تھے تو کیری سیمنڈز نے ان کی الیکشن کمپئین میں کام کیا تھا اور اس کے بعد وہ کنزرویٹو پارٹی کی کمیونیکیشز چیف رہیں۔

شیئر:

متعلقہ خبریں