Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانوی وزیراعظم کورونا وائرس کا شکار

برطانیہ میں کورونا وائرس سے 578 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے لیکن انہوں نے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے خلاف کی جانے والی حکومتی کوششوں کو جاری رکھیں گے۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں میرے اندر معمولی علامات ظاہر ہوئیں اور میرا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔‘
بورس جانسن نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’میں اب خود کو قرنطینہ کر رہا ہوں، لیکن میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کورونا کے خلاف کی جاری حکومتی کوششیں کو لیڈ کرتا رہوں گا۔‘

 

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق برطانیہ کے وزیر صحت میٹ ہینکاک کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ نے پیر کے روز ملک میں تین ہفتوں کے لیے دکانیں اور دو سے زائد افراد کے مجمعے پر پابندی لگاتے ہوئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کا اعلان کیا تھا۔
پیر کی شام کو ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا تھا کہ تمام 'غیر ضروری دکانیں، بند رہیں گی۔' انہوں نے ملک میں کورونا وائرس کو لڑنے کے اقدامات کا بتاتے ہوئے عوام کو گھروں پر رہنے کی ہدایت کی تھی۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بورس جانسن کے ساتھ وزیراعظم ہاؤس کے سینیئر وزیروں اور سٹاف کے دیگر ارکان کا بھی میل ملاپ رہا ہے اور شاید اب انہیں بھی قرنطینہ میں رہنا پڑے گا۔
وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان پروفیسر کرِس وہیٹی کا کہنا ہے کہ ’وزیراعظم کا ٹیسٹ برطانیہ کے چیف میڈیکل آفیسر کے مشورے پر کروایا گیا تھا جو 10 ڈاؤننگ سٹریٹ میں ہوا اور مثبت آیا۔‘
اس سے قبل بدھ کو برطانیہ کے شہزادہ چارلس میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ شاہی خاندان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں شہزادہ چارلس کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔
بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ 71 سالہ شہزادہ چارلس میں کورونا کی ہلکی علامات ظاہر ہوئی ہیں تاہم وہ اچھی صحت میں ہیں۔

شہزادہ چارلس کے علاوہ دنیا بھر کی کئی مشہور شخصیات بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

برطانیہ کے شہزادہ چارلس کے علاوہ دنیا بھر کی کئی مشہور شخصیات بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئی ہیں ان میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ایسی شخصیات بھی شامل ہیں جنہوں نے اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر دنیا میں اپنا مقام بنایا۔
برطانیہ میں کورونا وائرس کے باعث 578 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ 11 ہزار 658 متاثر ہوئے ہیں۔
 
 

شیئر: