Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وہ ممالک جہاں کورونا وائرس کا ایک بھی مریض نہیں

تاجکستان اور ترکمانستان بھی ایسے ممالک میں شامل ہیں جہاں کورونا رپورٹ نہیں ہوا (فوٹو: اے ایف پی)
کورونا وائرس نے اس کرہ ارض پر گذشتہ چار مہینوں میں 30 لاکھ سے زائد افراد کو متاثر کیا ہے لیکن دنیا میں 33 ممالک اور علاقے ایسے جہاں ابھی تک اس مہلک وائرس کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق  ان میں تاجکستان، ترکمانستان، کوموروس اور لیسوتھو سمیت بحرالکاہل میں دور دراز کے چھوٹے جزیرے جیسے ناورو، کریباتی اور سولومون شامل ہیں۔
20 اپریل تک اقوام متحدہ کے تسلیم کردہ 247 ممالک اور علاقوں میں سے 213 میں کم از کم کورونا وائرس کا ایک کیس سامنے آچکا ہے۔ ان میں سے 186 ممالک میں اس وائرس کی مقامی سطح پر بھی منتقلی ہوئی اور 162 ممالک میں اموات واقع ہوئیں۔
روئٹرز کے مطابق اگر کسی ملک نے کیس رپورٹ نہیں کیا تو اس کا مطلب یہ نہیں سمجھا جانا چاہیے کہ وہاں کورونا وائرس کا کوئی کیس ہے ہی نہیں۔
مثال کے طور پر شمالی کوریا نے کورونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں کیا، لیکن اس کی سرحدیں چین، روس اور جنوبی کوریا کے ساتھ لگتی ہیں جہاں وائرس نے تباہی مچائی ہے، تو ہو سکتا ہے کہ شمالی کوریا میں وائرس ہو اور اسے چھپایا گیا ہو۔
مختلف خطوں میں وائرس کے پھیلاؤ کے رجحان پر نظر دوڑائی جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ ایشیا کے بعد یورپ میں فروری کے آخر سے کیسز رپورٹ ہونا شروع ہو گئے۔
لاطینی امریکہ اور افریقہ جنوری اور فروری تک وائرس سے پاک رہے لیکن اس کے بعد وائرس یہاں بھی تیزی سے پھیلنا شروع ہو گیا۔

گرین لیںڈ سمیت پانچ ممالک نے بہت جلد کورونا وائرس پر قابو پایا (فوٹو: اے ایف پی)

دنیا کے پانچ ممالک اور علاقے ایسے بھی ہیں جہاں کیسز رپورٹ تو ہوئے لیکن انہوں نے بہت جلد کورونا وائرس پر قابو پا لیا۔ 
ان میں اینگوئلا، گرین لینڈ، دی کریبین آئی لینڈز آف سینٹ براٹس اور سینٹ لوسیا اور یمن شامل ہیں، جبکہ مریضوں کے صحت یاب ہونے کے بعد ان ممالک میں کوئی ہلاکت یا وبا کا مزید پھیلاؤ رپورٹ نہیں کیا گیا۔

شیئر: