Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا سے بچتے ہوئے سادگی سے نکاح اور شادی

انتظار انتہائی طویل ہو گیا تھا بالاخر شادی کا فیصلہ کرنا پڑا(فوٹو،سوشل میڈیا
سعودی نوجوان نے اپنی شادی کی تقریب انتہائی سادگی سے انجام دی بلکہ نکاح خواں کی شرط کو تسلیم کرتے ہوئے دستانے اور ماسک پہنا تاکہ کورونا وائرس سے محفوظ رہا جاسکے۔
العربیہ نیوز کے مطابق مملکت کے مشرقی علاقے ’الاحسا‘ میں مقیم سعودی نوجوان احمد البدیوی نے بتایا کہ ’کورونا وائرس کی وجہ سے شادی کے دن آگے بڑھتے گئے مگر وائرس ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا تھا بالاخر شادی کا حتمی فیصلہ کر کے میڈیکل چیک اپ کرایا اور رزلٹ آنے پر نکاح خواں کو مطلع کر دیا۔

نکاح خواں کی شرط پر دولہا نے دستانے اور ماسک کا استعمال کیا(فوٹو،العربیہ)

نوجوان کا کہنا تھا کہ ’نکاح خواں نے اس شرط پر آنے کی حامی بھری کہ تقریب میں زیادہ مہمان مدعو نہیں ہونگے اور دولہا سمیت ہر شخص دستانے اور ماسک پہننے گا۔‘
’نکاح خواں کی شرط قبول کرتے ہوئے صرف دلہن کے والدین ، 2 گواہ اور میرے والدین ہی تقریب میں شریک ہوئے جبکہ دوسری شرط کے مطابق ہر شخص نے ماسک اور دستانے پہننے ہوئے تھے‘۔
اس حوالے سے نکاح خواں ’فہیم الوھیب‘ کا کہنا تھا کہ موجودہ کورونا وائرس کی وجہ سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہر ایک کا فرض ہے تاکہ اس وبا کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔
واضح رہے وزارت عدل جہاں نکاح رجسٹرکیاجاتا ہے کی جانب سے نکاح کے آن لائن اندراج کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس میں تمام معلومات فیڈ کرکے نکاح خواں کا تعین کیاجاتا ہے جو گواہوں کے بیان کی تصدیق کرکے نکاح رجسٹرکرتا ہے۔
یاد رہے کورونا وائرس کی وجہ سے مملکت میں بھی تقریبات پر پابندی عائد ہے اس سے قبل بھی متعدد شادیاں انتہائی سادگی اور محدود پیمانے پر منعقد کی جاچکی ہیں۔

تقریب میں گواہوں کے علاوہ دولہا اور دلہن کے والدین ہی شریک ہوئے(فوٹو، سوشل میڈیا)

وزارت صحت کی جانب سے کورونا کے پھیلاؤ کوروکنے کے لیے اس سماجی رابطوں میں دوری کا اصول وضع کیا گیا ہے جس کے تحت تقریبات اور لوگوں کے ایک جگہ اکھٹے ہونے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

شیئر: