Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'کویت سے واپس لایا جائے'، پاکستانیوں کی اپیل

پاکستانیوں کی واپسی کے حوالے سے دفتر خارجہ سے رپورٹ طلب کی گئی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
کویت میں رہائش پذیر پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے وطن واپسی کے لیے اسلام آباد میں وفاقی محتسب سے رابطہ کیا ہے۔
وفاقی محتسب کی جانب سے دفتر خارجہ کو بتایا گیا ہے کہ کویت میں رہنے والے پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد وطن واپس آنے کی خواہشمند ہے۔
وفاقی محتسب کے مطابق ان پاکستانیوں نے پہلے کویت میں پاکستانی سفارت خانے سے اور اب وفاقی محتسب سیکرٹریٹ اسلام آباد سے رابطہ کیا ہے تاکہ انہیں خصوصی پروازوں کے ذریعے پاکستانی لایا جائے۔
وفاقی محتسب سیکرٹریٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کی شکایت سننے والے کمشنر اور سینیئر مشیر حافظ احسان احمد کھوکھر نے کہا ہے کہ کویت میں مقیم پاکستانیوں نے وطن واپس آنے کی خواہش کے ساتھ متبادل تجاویز اور اپنی کچھ شکایات بھی بیان کی ہیں۔
شکایات کمشنر نے دفتر خارجہ سے کہا ہے کہ 'ان پاکستانیوں کی شکایات جائز ہیں، لہٰذا دفتر خارجہ کے ذریعے ان کی واپسی کے لیے کویت میں پاکستانی مشن کو ضروری ہدایات جاری کی جائیں۔'
شکایات کمشنر کی جانب سے دفتر خارجہ سے کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں رپورٹ تیار کر کے 14 مئی تک پیش کی جائے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے اب بھی ایک لاکھ سے زائد پاکستانی متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، قطر، کویت اور دیگر ممالک میں موجود ہیں جو پاکستان واپس آنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

ایک لاکھ سے زائد پاکستانی بیرون ممالک سے وطن واپس آنا چاہتے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)

ان میں سے کئی ایسے پاکستانی ہیں جن کی ملازمتیں ختم ہو چکی ہیں اور کئی ایسے ہیں جن کے ویزوں کی معیاد ختم ہو گئی ہے۔
کئی ممالک سے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے حکومت نے پی آئی اے کی خصوصی پروازیں چلانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

شیئر: