Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ  کے الجعرانہ محلے میں ’گو‘ کہاں سے آگئیں

محکمہ تحفظ جنگلی حیاتیات نے اپیل کی جنگلی جانوروں کو نقصان نہ پہنچائیں
 سعودی عرب میں مکہ مکرمہ کے معروف محلے الجعرانہ میں ’گو‘ کے گھومنے پھرنے کی وڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
صارفین سوال کر رہے ہیں کہ الجعرانہ جیسے محلے میں گو کہاں سے آگئیں۔ عام طور پر یہ صحرا اور غیر آباد علاقوں میں ڈیرہ ڈالتی ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق محکمہ تحفظ جنگلی حیاتیات کے ترجمان بندر الفالح نے بتایا کہ کبھی کبھار جنگلی جانور انسانی آبادی کے آس پاس آجاتے ہیں یہ کوئی انوکھی بات نہیں ہے.

 ماضی قریب تک مکہ کے بعض علاقوں میں گو پائی جاتی تھی (فوٹو سبق)

ترجمان نے کہا کہ اس کی اصل وجہ یہ ہے کہ گو ماضی قریب تک مکہ مکرمہ کے بعض علاقوں میں پائی جاتی تھی۔ یہ وہ علاقے تھے جہاں انسانی آبادی نہیں تھی۔ ان دنوں نئے کورونا وائرس کی وجہ سے مکہ مکرمہ میں چوبیس گھنٹے کے کرفیو کے باعث شہریوں کی نقل و حرکت و آمد ورفت معطل ہے۔
محکمہ تحفظ جنگلی حیاتیات کا کہنا ہے کہ جعرانہ کا محلہ سڑکوں اور محلوں کے حوالے سے غیر آباد ہے۔ ممکن ہے آس پاس رہنے والی گو نئی دنیا کی تلاش میں ادھر نکل آئی ہوں۔
ترجمان بندر الفالح نے مزید کہا کہ جنگلی جانور ایسے مقامات پر ڈیرہ ڈالتے ہیں جہاں آبادیاں نہیں ہوتیں۔ اگر وہ جگہیں آباد ہوجاتی ہیں تو یہ جانور وہاں سے غیر آباد مقامات کا رخ کرتے ہیں اور جب یہ آباد جگہیں عملی طور پر غیر آباد ہوجاتی ہیں تو جنگلی جانور اپنے پرانے ٹھکانوں کا رخ کرنے لگتے ہیں۔  ایسا لگتا ہے کہ جعرانہ کے محلے میں گو کے گھومنے پھرنے کے جو مناظر وائر ل وڈیو میں  ہیں وہ اسی فطری عمل کا نتیجہ ہوں۔
الفالح نے تمام سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے اپیل کی کہ اگر وہ آبادی میں کوئی بھی جنگلی جانور گھومتا دیکھیں تو پہلی فرصت میں رپورٹ کریں اور اسے نقصان نہ پہنچائیں۔

شیئر: