Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'شارجہ میں ٹاور کو آگ سگریٹ یا حقے کے انگاروں سے لگی'

پولیس کے مطابق 90 فیصد طے ہے کہ آگ سگریٹ یا حقے سے لگی (فوٹو: عرب نیوز)
شارجہ میں پولیس حکام کے مطابق یہ بات تقریباً طے ہے کہ ایبکو ٹاور میں خوفناک آگ سگریٹ یا حقے کے انگاروں سے لگی تھی۔
عرب نیوز کے مطابق شارجہ پولیس کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل اور فرانزک لیبارٹری کے سربراہ بریگیڈیئر احمد حاجی السرکال نے بتایا ہے کہ 'یہ بات 90 فیصد طے شدہ ہے کہ آگ سگریٹ یا شیشے والے حقے کے انگاروں سے لگی۔'
ان کے بقول 'اسے (حقے یا سگریٹ کو) اوپر کی منزلوں سے پھینکا گیا تھا اور یہ 10 منزل پر آ گیا تھا جو کہ پارکنگ کے نو لیولز کے بعد پہلا رہائشی فلور ہے۔'
اس واقعے میں کئی لوگوں کو معمولی چوٹیں آئیں جبکہ 250 فیملیز کو عمارت سے باہر نکالا گیا تھا۔
شارجہ پولیس کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل کے مطابق '48 منزلہ عمارت میں آگ نے 333 اپارٹمنٹس کو نقصان پہنچایا جن میں سے 233 ابھی بھی بند ہیں جنہیں مالکان کی موجودگی میں کھولا جائے گا۔'
انہوں نے بتایا کہ 'پولیس نے اب تک 100 اپارٹمنٹس کا معائنہ کیا ہے جن میں سے 26 مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں، ان میں سے 34 ایسے اپارٹمنٹس ہیں جنہیں پانی اور دھوئیں سے نقصان پہنچا جبکہ 40 کے دروازے ٹوٹ گئے ہیں۔'
عمارت کا ملبہ گرنے سے نیچے کھڑی 16 گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ عمارت کے اندر پارکنگ میں موجود دیگر 17 گاڑیوں کو بھی ملبے سے نقصان پہنچا۔
شارجہ سول ڈیفنس کے ڈائریکٹر جنرل کرنل سمیع خامس النقبی کا کہنا ہے کہ 'ایبکو ٹاور کا بیرونی حصہ جس مواد سے تیار کیا گیا تھا اس پر 23 میٹر سے اونچی عمارتوں پر استعمال کے لیے 2016 میں پابندی لگا دی گئی تھی۔'

پولیس کا کہنا ہے کہ عمارت کے 26 اپارٹمنٹس تباہ ہو چکے ہیں (فوٹو: وکی پیڈیا)

ان کے بقول 'متحدہ عرب امارات میں ایسی 150 عمارتیں ہیں جنہیں اس مواد (کلیڈنگ) کو تبدیل کرنا ہے۔'
انہوں نے بتایا کہ 'تعمیراتی کام میں کلیڈنگ آخری تہہ ہوتی ہے جس سے عمارت کی خوب صورتی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔'
انہوں نے بتایا کہ 'شارجہ سول ڈیفنس ایک پروگرام شروع کرنے پر غور کر رہی ہے جس کے تحت عمارتوں کے مالکان سے کہا جائے گا کہ وہ پرانی کلیڈنگ کی جگہ کم اخراجات پر متبادل مواد کا استعمال کریں۔'
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ کی 48 منزلہ عمارت میں منگل کی رات خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی۔
یہ آگ شارجہ کے علاقے النھدہ میں واقع ایبکو ٹاور میں لگی جس سے نو افراد زخمی ہوگئے تھے۔

شیئر: